Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: گھرمیں لوٹ مار کرنے والے 5 ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک، 2 فرار

جوابی فائرنگ میں ملزمان مارے گئے، پولیس
اپ ڈیٹ 16 اگست 2023 03:50pm
ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی لاشیں ایمبولینسیں لے کر جا رہی ہیں۔
ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی لاشیں ایمبولینسیں لے کر جا رہی ہیں۔
مکینوں کے مطابق ڈاکو گرل کاٹ کر داخل ہوئے۔
مکینوں کے مطابق ڈاکو گرل کاٹ کر داخل ہوئے۔
واقعے کے بعد گھر کے باہر لوگوں کا ہجوم موجود ہیں۔
واقعے کے بعد گھر کے باہر لوگوں کا ہجوم موجود ہیں۔
ملزمان وائٹ کرولا میں سوار تھے، پولیس
ملزمان وائٹ کرولا میں سوار تھے، پولیس

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی الیون بی میں مبینہ پولیس مقابلے میں پانچ ڈاکو ہلاک اور دو فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان گھر میں لوٹ مار کیلئے داخل ہوئے تھے۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، تو ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی فائرنگ میں ملزمان مارے گئے، جب کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کا تعلق افغان گروہ سے ہے۔

ڈاکوؤں کا ساتھی 6 گھنٹے تک پانی کے ٹینک میں چھپا رہا

پولیس زرائع کا کہنا ہے کہ مقابلے کے تقریباً 6 گھنٹے بعد ہلاک ڈاکوؤں کا ساتھی گھر سے نکل کر فرار ہوگیا، جو 6 گھنٹے تک پانی کے ٹینک میں چھپا رہا۔

علاقہ مکینوں نے پولیس کو بتایا کہ فرار ملزم پانی میں بھیگا ہوا تھا، پولیس نے دوبارہ اضافی نفری طلب کرلی جس کے بعد فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔

ایس ایچ او سرسید شاہد تاج نے کہا کہ صبح 4 سےساڑھے 4 کے درمیان ملزمان گرل اور کنڈی کاٹ کر داخل ہوئے اور گھر میں موجود افراد کو باندھا اور تشدد کیا۔

پولیس کو واردات کی اطلاع ملی، تو تھانے کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ایک ملزم گاڑی میں تھا جو پولیس کو دیکھ کرفرارہوگیا۔

ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیجز آج نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔ فوٹیج میں ملزمان کو گھر کے باہر روکتے دیکھا جاسکتا ہے ملزمان نے گھر میں گھسنے سے قبل علاقے کی ریکی بھی کی ہے۔

پولیس چیف کا پیشہ ورانہ کارکردگی پر اہلکاروں کیلئے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان

پولیس مقابلے کے مقام پر ڈی آئی جی ویسٹ فدا حسین مستوئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وائٹ کرولا گینگ ہے، جو واردات کرنے آئے تھے، یہ گینگ گھروں میں گھس کر یرغمال اور تشدد کرکے لوٹ مار کرتے تھے۔

فدا حسین مستوئی نے کہا کہ گینگ میں شامل دیگر ملزمان کے سہولت کاروں اور ان کے ساتھیوں کو گرفتارکرنے کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ صبح سویرے پولیس کو اطلاع ملی جو فوری طور پر کارروائی کے لئے پہنچی تھی اور پولیس افسران و اہلکار نے بہت بہادری سے مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سال کا سب سے بڑا اور طویل مقابلہ ہوا ہے اور پولیس کی زبردست پرفارمنس رہی ہے، پولیس نے ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈاکؤوں سے مقابلہ کیا اور ملزمان کو جہنم واصل کیا۔

دوسری جانب کراچی پولیس چیف نے سرسید تھانہ پولیس پارٹی کی بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباشی دی ساتھ ہی تعریفی اسناد اور 5 لاکھ کیش انعام کا اعلان کر دیا۔

کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لانے میں مصروف عمل ہیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جاسکے۔

ڈاکوؤں کی شناخت ہوگئی

ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے کہا کہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک پانچ ڈاکوؤں میں سے تین کی شناخت ہوگئی ہے، جبکہ تین میں سے دو کا کرمنل ریکارڈ بھی مل گیا ہے۔

ساتویں ملزم کے فرار ہونے کی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جبکہ ہلاک ملزمان کا چھٹا ساتھی وائٹ کرولا لیکرفرار ہوا ہے۔

ہلاک ایک اور ملزم کی شناخت عبدالباری کے نام سے کرلی گئی ہے جس کے بعد تعداد چارہوگئی ہے۔ پولیس نے فوٹیج سامنے آتے ہی ملزمان کی تلاش اور شناخت کا عمل جاری ہے۔

معروف عثمان نے بتایا کہ شناخت پائندہ خان، عبداللہ اورعمران کے نام سےہوئی ہے۔ پائندہ خان اورعبداللہ کا کرمنل ریکارڈ بھی ملا ہے اور ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں، عمران کا تاحال کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں مل سکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے 2 ڈاکوؤں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی جبکہ ملزمان سفید گاڑی میں آئے تھے۔

متاثرہ شخص کا بیان سامنے آگیا

متاثرہ شخص انورالحسن نے بتایا کہ 5 ڈکیت میرے گھر میں کمرے کی گرل کاٹ کرداخل ہوئے۔ ملزمان نے میرے بھائی نورالحسن کے کمرے کا دروازہ توڑا اور بھائی کے ہاتھ پاؤں باندھ کر بھابی کو اوپر لیکر گئے۔

متاثرہ شخص کے مطابق ملزمان نے ٹی وی لاؤنج کا دروازہ توڑا اور وہاں بھی لوٹ مار کی، جب ملزمان ٹی وی لاؤنج پر آئے تو شور شرابا ہوا، جس پر ملزمان نے مجھے مارا اور مجھ پر میرے بھائی اور بھتیجوں پر تشدد کیا۔ میرے والدین کو کمرے میں بند کردیا، تو میں بے حواس ہوگیا اور شور مچانا شروع کردیا، شور کی آواز آس پڑوس میں گئی تو 15 کو اطلاع ملی۔

متاثرہ شخص نے مزید بتایا ملزمان تمام تر قیمتی سامان لوٹ کر جمع کرلیا تھا اتنے میں پولیس پہنچ گئی، ملزمان نے نقدی، زیورات، لیپ ٹاپس اور دیگر سامان لوٹا جس میں سے کچھ مل گیا ہے جبکہ کچھ سامان غائب ہے۔

Sindh Police

Street Crimes

Karachi Crime