سوات قومی جرگہ: شہری علاقوں اور سڑکوں پر سیکیورٹی چیک پوسٹیں ختم کرنے کا مطالبہ
سوات قومی جرگہ کی کور کمیٹی کا ایک اہم اجلاس شیر بہادرخان کی زیر صدارت خواجہ خان کے حجرے مینگورہ میں منعقد ہوا، جس میں کور کمیٹی کے اراکین حاجی زاہدخان، احمدشاہ خان، شیربہادرخان، خوجاہ خان اورخورشید کاکا جبکہ ممتاز علی خان نے کارندہ کمیٹی کے رکن کے حیثیت سے شرکت کی۔
کورکمیٹی نے سوات قومی جرگہ کے تنظیمی امور سے متعلق کئی اہم فیصلے کئے اور ابتدائی چھ مہینے کے لئے شیر بہادر خان کو کور کمیٹی کا کنونیئر مقرر کیا گیا، اور واضح کیا گیا کہ مذکورہ کمیٹی سوات قومی جرگہ کی جملہ سرگرمیوں کو مزید مربوط و منظم کرانے کیلئے مشاورتی ادارہ ہوگا۔
کورکمیٹی کے شرکاء نے سوات قومی جرگہ کے اکابرین کے فیصلوں کے روشنی میں طے کیا کہ سوات قومی جرگہ کی تنظیمی صلاحیت کو تحصیلوں کی سطح تک پھیلانے اور اسے مزید مربوط کرنے کیلئے پہلے مرحلے میں تحصیل خوازہ خیلہ، تحصیل مٹہ، تحصیل بابوزئی اورتحصیل کبل میں قومی جرگوں کے انعقاد کو شیڈول کیا گیا۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں تحصیل بریکوٹ، چارباغ اورتحصیل بحرین میں قومی جرگوں کا انعقاد کیا جائیگا۔
کور کمیٹی کے اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن قومی جرگہ کی تشکیل کیلئے متقاضی اقدامات پر عمل درآمد کیلئے انفرادی ذمہ داریوں کو متعین کیا گیا اور سوات ایکسپریس وے فیز II کے منصوبہ کو زرعی اراضیات پر بنانے کے بجائے اسے دریائے سوات کے کنارے ہی تعمیرکرانے کے قومی مطالبے پرعملدرآمد کیلئے حاجی زاہدخان، شیربہادرخان، احمدشاہ، خواجہ خان، ڈاکٹر عبد البصیر خان، شمشیرعلی خان، عبدالجبار خان اورخورشید کاکا پر مشتمل سات رکنی کمیٹی کا قیام عمل میں لایاگیا۔ جوایکسپریس وے متاثرین کے کمیٹی کے ساتھ ملکر مشترکہ جدوجہد کے اشکال پر مستقل کام کرے گی۔ مذکورہ کمیٹی سوات میں جگہ جگہ بائی پاس سڑکوں کے مسائل سے بھی نمٹے گی۔
کورکمیٹی کے شرکاء نے سوات میں شہری علاقوں کے مضافات بالخصوص پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے مسلح جتھوں کی موجودگی کی خبروں پر تشویش کااظہارکرکے واضح کیا کہ سوات کے غیور عوام دہشت گردی کے ایک اورمرحلے کو دیکھنے یا برداشت کرنے کیلئے قطعی تیارنہیں۔ لہٰذا حکومت کی معمولی غفلت کاخمیازہ ریاست کو سہنا پڑے گا۔
اسی طرح کور کمیٹی نے سوات کی شاہراہوں اور شہری علاقوں میں سیکورٹی چیک پوسٹوں کے قیام کے نظریے کو سختی سے رد کیا اورحکومت ومقامی انتظامیہ پرواضح کیا کہ شہری علاقوں اور سڑکوں پر سیکیورٹی چیک پوسٹوں کے قیام کے پہلے بھی خاطر خواہ فوائد دیکھنے کو نہیں ملے۔
کورکمیٹی نے یہ بھی واضح کیا کہ سوات قومی جرگہ سوات کے غیور عوام کا خالصتاً ایک قومی پلیٹ فارم ہے۔ جو پائیدار حقیقی امن کے قیام اورعوام کے جملہ حقوق کے دفاع کیلئے عرصہ دراز سے مصروف جدوجہد ہے۔ اور اس سلسلے میں سیاسی پارٹیاں، قائدین وکارکن نہ صرف ہمارے قابل احترام ہیں بلکہ یہی ہمارے طاقت کا باعث ہیں، لہٰذا سوات قومی جرگہ کے قومی پلیٹ فارم کے زیر سایہ عوامی سرگرمیوں میں کسی بھی سیاسی پارٹی یا اس کے قائدین کے خلاف باتیں کرنے سے اجتناب کرنا ہوگا۔ لہٰذا کورکمیٹی نے انفرادی ذمہ داری کاتعین کرتے ہوئے فیصلہ کیاکہ ایک تحریری ضابطہ اخلاق کوعمل میں لایا جائے گا۔
Comments are closed on this story.