Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

نو مئی واقعات: بشری بی بی کو شامل تفتیش کرنے کا حکم

چیرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ
اپ ڈیٹ 15 اگست 2023 11:25am
بشری بی بی عدالت میں پیش ہوتے ہوئے۔ فوٹو:آج
بشری بی بی عدالت میں پیش ہوتے ہوئے۔ فوٹو:آج

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نومئی کے واقعات میں درج مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا، جب کہ چیرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں 9 مئی واقعات میں چیرمین تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف درج مقدمات کی سماعت ہوئی۔ ڈیوٹی جج محمد سہیل نے 7 مقدمات کی سماعت کی۔ جب کہ بشری بی بی بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔

پروسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ چیرمین تحریک انصاف مجرم ہیں، اور جیل میں قید ہیں۔

مزید پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل: بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت غیر مؤثر قرار

تحریک انصاف کے وکیل سلمان صفدر نے پروسیکیوٹر سے کہا کہ آپ کو کافی جلدی ہے بات کرنے کی۔

جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا چیئرمین تحریک انصاف شامل تفتیش ہوئے ہیں۔

تفتیشی افسران نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین تحریک انصاف چند مقدمات میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

وکیل سلمان صفدر نے مؤقف پیش کیا کہ چیرمین پی ٹی آئی پرتمام مقدمات میں ایک ہی نوعیت کا الزام ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا بشریٰ بی بی شاملِ تفتیش ہوچکی ہیں، انہیں شاملِ تفتیش ہونے کا آخری موقع دیا جا رہا ہے، تفتیشی افسر کو ہدایت کی جاتی ہے کہ بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش کریں۔

وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں ہی شاملِ تفتیش ہونے کو تیار ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر کہاں ہیں؟ آئی جی کے نوٹس میں لائیں تفتیشی افسرعدالت میں نہیں۔

پروسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ چیرمین پی ٹی آئی کی اے ٹی سی سے بھی درخواست ضمانتین خارج ہوچکی، احتساب عدالت میں بھی ضمانت خارج ہوئی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا بشریٰ بی بی کو شاملِ تفتیش ہونےکا نوٹس بھیجا۔

وکیل نعیم پنجوتھا نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو واٹس ایپ پر نوٹس بھیجا گیا تھا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نوٹس دو ہفتے قبل بھیجا گیا، دو ہفتے تو کافی وقت ہوتا ہے، بشریٰ بی بی شاملِ تفتیش ہو جائیں، اچھا نہیں لگتا ضمانتین خارج کردی جائیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بشریٰ بی بی نے آج ہی شاملِ تفتیش ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے، بشریٰ بی بی کے مطابق غیر معمولی حالات کے باعث شاملِ تفتیش نہیں ہو پائیں۔

وکیل نعیم پنجوتھا نے استدعا کی کہ بشریٰ بی بی پردہ نشیں خاتون ہیں، تفتیشی افسر ابھی شاملِ تفتیش کرلیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ تفتیشی افسر کے ساتھ رابطہ کرلیں ار شاملِ تفتیش ہو جائیں۔ عدالت نے تھانہ کوہسارمقدمے میں بشریٰ بی بی کی ضمانت میں7 ستمبرتک توسیع کردی۔

عدالت نے وکیل سلمان صفدر سے استفسار کیا کہ چیرمین تحریک انصاف شامل تفتیش نہیں ہوئے، کیا جواب دیں گے۔

وکیل سلمان صفدرنے چیرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ چیرمین تحریک انصاف جان بوجھ کرعدالت سے غیر حاضر نہیں، عدالت ملزمان کو کمرہ عدالت طلبی روز مرہ کی بنیاد پر کرتی ہے۔

جج محمد سہیل نے 6 مقدمات میں چیرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اور ریمارکس دیئے کہ تھانہ کوہسار کے تفتیشی افسر کے آنے پر بشریٰ بی بی کو شاملِ تفتیش کیا جائے گا۔

وکیل نے ایک بار پھر استدعا کی کہ سیکیورٹی خدشات ہیں، یہیں کرلیں یا آئندہ سماعت پر شامل تفتیش کرلیں۔

جج محمد سہیل نے ریمارکس دیئے کہ مجھے تھانے کے ماحول کا اندازہ ہے، ڈی آئی جی آفس پاس ہی ہے، بشری بی بی کو عزت کے ساتھ بٹھایا جائے گا۔

pti

imran khan

bushra bibi

pti chairman