Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف منصوبوں اور اہم عہدوں پر تعیناتیوں کی منظوری

گزشتہ 15 ماہ میں کابینہ کے 53 اجلاس منعقد ہوئے
شائع 09 اگست 2023 08:38pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف  پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف منصوبوں اور اہم عہدوں پر تعیناتیوں کی منظوری دے دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے ہزارہ ایکسپریس کے نواب شاہ کے قریب حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔

وزیراعظم نے کابینہ کے تمام اراکین کا پچھلے 15 ماہ میں ملک کی بہتری کے لیے شبانہ روز محنت میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔

اجلاس کے آغاز پر سیکریٹری کابینہ نے 20-04-2022 سے 08-08-2023 تک کی کارکردگی کی مفصل رپورٹ پیش کی۔

گزشتہ 15 ماہ میں کابینہ کے 53 اجلاس منعقد ہوئے۔ وفاقی کابینہ نے مجموعی طور پر 1295 فیصلے کیے۔ کابینہ کے کیے گئے فیصلوں میں سے 99 فیصد فیصلوں پر عمل درآمد کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ اطلاعات و نشریات کی پیش کردہ قومی موسیقی پالیسی کے مسودہ کی منظوری دی۔

کابینہ نے وزارت ہوابازی کی سفارش پر قومی ہوا بازی پالیسی 2023 کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر قومی ٹیرف کمیشن کے تکنیکی و غیر تکنیکی ارکان کی تقرری کی منظوری دی، ان اراکین میں عبدالرشید شیخ، نعیم انور، محمد اقبال تابش، احمد شیراز کو غیر تکنیکی اور عمران ضیاء کوتکنیکی رکن کے طور پر شامل کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے سلمان ایس مہدی کی اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن میں بطور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرری کی بھی منظوری دے دی۔

وزارتِ خزانہ کی سفارش پر سیلم اللہ کی بطور نائب گورنر اسٹیٹ بینک تقرری کی منظوری دی گئی ہے جبکہ او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر / چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کے لیے دوبارہ اشتہار دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی سیکریٹری ایپکس کمیٹی، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے طور پر تقرری کی منظوری دی۔

مزید برآں وفاقی کابینہ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کے سیکریٹریٹ کے قیام اور جمیل احمد قریشی کی بطور سیکریٹری/ پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر، ارشد سلیم خٹک کی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کمپنی تقرری کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر گزشتہ 15 ماہ میں وزیراعظم کو ملنے والے تمام قیمتی تحائف کی شفاف انداز میں نیلامی کی منظوری دی۔

وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ ان تحائف کی شفاف انداز میں نیلامی کے بعد ان سے ملنے والی رقم کو پاکستان میں موجود یتیم اور بے سہارا بچوں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے اداروں کو عطیہ کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ نے 14 اگست پر پاکستان کی مختلف جیلوں میں موجود قیدیوں کی سزا میں رعایت کو دوگنا کرنے کی بھی منظوری دی اور اس بات کی ہدایت کی کہ اس رعایت کا قانون کے مطابق تمام قیدیوں پر اطلاق ہوگا۔

کابینہ نے وزارتِ داخلہ کو ہدایت کی کہ جیلوں میں قیدیوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔

مزید پڑھیں

وفاقی حکومت نے 25 رکنی نیا سرمایہ کاری بورڈ تشکیل دے دیا

وفاقی کابینہ نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 میں ترمیم کی منظوری دے دی

ای سی سی اجلاس: عام انتخابات کیلئے ساڑھے 42 ارب روپے کی گرانٹ منظور

وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی سفارش پر سولر پالیسی میں ترامیم کی منظوری دے دی، ان ترامیم کے اطلاق کے بعد حکومت کی سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن اور حکومت کے ملک گیر 10 ہزار میگاواٹ سولرائزیشن کے منصوبے پر تیزی سے عمل درآمدیقینی بنایا جائے گا۔

کابینہ کو وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے حکومتی کارکردگی اوروزیراعظم کی 488 دنوں پر مشتمل وزارتِ عظمیٰ پر دو کتابیں پیش کی گئیں۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 26 جولائی، 7 اگست اور 8 اگست 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجاری لین دین کے 3 اگست 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے7 اگست 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

قومی اسمبلی کے اختتامی سیشن پر وزیراعظم اور اراکین کا گورپ فوٹو سیشن

دوسری جانب 15ویں قومی اسمبلی کے اختتامی سیشن کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور اراکین کا گورپ فوٹو سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا۔

پارلیمنٹ کے سبززار میں ارکان پارلیمنٹ کی گروپ فوٹو کے لیے وزیراعظم شہبازشریف، قائد حزب اختلاف راجہ ریاض، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزراء، بلاول بھٹو، اسحاق ڈار، خواجہ آصف ، مریم اورنگزیب اور دیگر ارکان پارلیمنٹ کا 15ویں قومی اسمبلی کا فوٹو سیشن بنایا گیا۔

فوٹو سیشن میں تمام وفاقی وزرا، وفاقی سیکرٹری اور دیگراراکین پارلیمنٹ شریک تھے۔۔

federal cabinet

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

ECC MEETING

national assembly dissolve