Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم شہبازشریف کا توشہ خانہ کے تحائف نیلام کرنے کا اعلان

جتنی جلد الیکشن ہوں بہتر ہے، عام انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں، شہباز شریف
اپ ڈیٹ 08 اگست 2023 10:33pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراعظم شہبازشریف نے توشہ خانہ کے تحائف کو نیلام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رقم غریب بچوں کی فلاح وبہبود پرخرچ ہوگی، جتنی جلد الیکشن ہوں بہتر ہے،عام انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اقتدار ملا تو حالات کی سنگینی کا اندازہ نہیں تھا، بدقسمتی سے 4 سالہ دور میں ملک کے ساتھ زیادتی کی گئی، سابقہ دور میں مخالفین کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سابقہ حکومت نے دوست ممالک کو ناراض کیا، دوست ممالک سے تعلقات کی بہتری میں وقت لگا، سب کو چور ڈاکو کہتے تھے اب وہ خود جیل میں ہیں، یہ مکافات عمل ہے، مجھے سوچ کر خوف آتا ہے، انسان کو برے وقت سے ڈرنا چاہیئے، ہمیں تو اپنے کاموں سے فرصت نہیں تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں زہرگھول دیا گیا ہے، اجتماعی کاوشوں سے قوم کو متحد کرنا ہوگا، قوم کو متحد کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا، متحد ہوئے بغیر یہ قوم آگے نہیں بڑھ سکتی، ریاست کو بچانے کے لیے سرجوڑ کر بیٹھنا ہوگا، سیلاب، مہنگائی اور خراب معیشت جیسےحالات کا سامنا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے سبسڈی کے دروازے بند کردیے، معاشی بہتری کے منصوبے پر مل کر عملدرآمد کرنا ہوگا، امید ہے آنے والی حکومت معاشی پلان پر عملدرآمد کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ دیامیر بھاشہ ڈیم 30 سال پہلے بن جانا چاہیئے تھا، دیامیر بھاشہ ڈیم پر لاگت کے 9 فیصد پیسے خرچ ہوئے ہیں، دیامیربھاشہ ڈیم منصوبے کا کئی بار سنگ بنیاد رکھا گیا،اب ہمارے پاس ضائع کرنے کے لیے وقت نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سی سی آئی نے مردم شماری کی منظوری دی، حلقہ بندیاں کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، عام انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں، نئی حکومت عوامی مینڈیٹ کے ساتھ عوام کی خدمت کرے گی، جتنی جلد الیکشن ہوں بہتر ہے، اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری کل صدر کو بھیج دی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے توشہ خانہ کے تحائف نیلام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف کو نیلام کرنے کا اعلان کررہا ہوں، رقم غریب بچوں کی فلاح و بہبود پرخرچ ہوگی۔

وزیراعظم کا توشہ خانہ کے تمام تحائف بیچنے کا فیصلہ

وزیراعظم شہبازشریف نے توشہ خانہ کےتمام تحائف بیچنے کا فیصلہ کیا ہے،،حاصل ہونےوالی رقم بچوں کی تعلیم پر خرچ ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے توشہ خانہ کے تمام تحائف بیچنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور ان تحائف سے حاصل ہونے والی پوری رقم غریب بچوں کی تعلیم پرخرچ ہوگی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور ان کے اہل خانہ نے ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرادیئے ہیں، جمع کرائے گئے تحائف میں پانچ قیمتی پستول اور ایک موبائل شامل ہے۔

مزید پڑھیں: توشہ خانہ کیس: کب کیا ہوا؟

اس حوالے سے وفاقی وزیر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ یہ تحائف عراقی وزیر داخلہ نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر دیئے تھے، تحائف ملک و قوم کی امانت ہیں، جنہیں قومی خزانے میں جمع کرا دیا ہے۔

Toshakhana

Tosha Khana Criminal Proceedings Case

Tosha Khana Disciplinary Management Bill 2023