Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بیوی پر تیزاب پھینکنے والے ملزم کا ویڈیو بیان منظر عام پر آگیا

بیوی نے طلاق کا مطالبہ کیا تھا میں نے تیزاب کی بوتل اس کے چہرے پر ڈال دی، ملزم
شائع 07 اگست 2023 08:11pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں بیوی پر تیزاب پھینکنے والے ملزم کا ویڈیو بیان منظر عام پر آگیا، ملزم کا کہنا ہے کہ اہلیہ نے مجھ سے طلاق کا مطالبہ کیا، میں نے موقع دیکھ کر تیزاب کی بوتل بیوی کے چہرے پر ڈال دی۔

ویڈیو بیان میں ملزم نے دعویٰ کیا کہ میری بیوی کے پڑوسی لڑکے سے تعلقات تھے۔

ملزم نے مزید بتایا کہ اپنی بیوی کو کئی بار لڑکے کے ساتھ دیکھا، جس پر دو روز پہلے بیوی سے جھگڑا بھی ہوا۔

ویڈیو بیان میں ملزم کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ نے مجھ سے طلاق کا مطالبہ کیا ہے۔

جرم کا اعتراف کرتے ہوئے سفاک شخص نے بتایا کہ ہفتے کی صبح میری بیوی سو رہی تھی موقع دیکھ کر تیزاب کی بوتل بیوی کے چہرے پر ڈال دی۔

ملزم کا کہنا تھا کہ بیوی پر تیزاب ڈالنے کے بعد فوری گھر سے باہر نکل گیا، تیزاب کی بوتل کو شرٹ کے اندر چھپایا اور اور دوسری گلی کے کونے پر بیکری کے سامنے پھینک دی۔

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں 6 اگست کو برقع پوش کی جانب سے خاتون پر تیزاب پھینکا گیا تھا۔

پولیس نے جب واقعہ کی تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ خاتون پر تیزاب پھینکنے والا ملزم اس کا شوہر انور عرف انو ہی ہے۔

خاتون پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں شوہر کو گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ ابتدائی طور پر غیرت کے نام پر حملے کا شاخسانہ لگتا ہے۔

پولیس نے ابتدائی طور پر نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 365/23 دفعہ 336B ت پ درج کیا تھا۔

Karachi Police

acid attack

woman beaten

Woman Torture