Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبرپختونخوا : متھرا تحصیل چیئرمین کونسل کی سیٹ پر پی ٹی آئی نے میدان مار لیا

آزاد امیدوار عزیر شیر خان 21464 ووٹ لے کر تحصیل حویلیاں کے چیئرمین منتخب
اپ ڈیٹ 07 اگست 2023 09:16am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

خیبرپختونخوا میں دو تحصیل چیئرمین کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، تحصیل متھرا میں چیئرمین کونسل کی سیٹ پر پی ٹی آئی نے میدان مار لیا ہے، جب کہ تحصیل حویلیاں کے چیئرمین کے لئے آزاد امیدوار پہلے نمبر پر ہے۔

خیبرپختونخوا میں دو تحصیل چیئرمین کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہی۔ جس کے بعد اب نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔

تحصیل چیئرمین حویلیاں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج

دوسری جانب ضلع ایبٹ آباد میں حویلیاں تحصیل چیئرمین کے لئے ضمنی انتخابات کے تمام 134 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار عزیر شیر خان 21464 ووٹ لے کر تحصیل چیئرمین منتخب ہوگئے جب کہ پی ٹی آئی کے افتخار خان 18527 ووٹ لے کر دوسرے اور ن لیگ کے ملک طلحہ 14892 ووٹ حاصل کرکے تیسرے نمبر پر آسکے۔

ریٹرننگ آفیسر نے باقی نتائج روک دیئے

حویلیاں ریٹرننگ آفیسر روم میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے چڑھائی کردی، اس دوران پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں دھکم پیل بھی ہوئی، جس کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے باقی نتائج روک دیئے تھے۔

ریٹرنگ افسر کا کہنا تھا کہ31 پولنگ اسٹیشن کے نتائج آنا باقی ہیں، مکمل سیکیورٹی کی فراہمی تک نتائج کا اعلان نہیں کریں گے۔

تحصیل حویلیاں میں چیئرمین کیلئے ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں 134 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جن میں سے 25 حساس اور 40 حساس ترین قرار دیے گئے تھے۔

تحصیل حویلیاں میں چیئرمین شپ کیلئے 7 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، یہ نشست چیئرمین عاطف منصف کے قتل کے بعد خالی ہوئی تھی۔ یہاں ایک لاکھ 65 ہزار 800 ووٹرزحق رائے دہی استعمال کیا۔

متھرا تحصیل چیئرمین کونسل کے غیر حتمی نتائج

پشاور کی متھرا تحصیل کونسل چیئرمین کی نشست کے تمام پولنگ اسٹشینز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے متھرا تحصیل چئیرمین کی سیٹ جیت لی ہے۔

ریٹرنگ افسر کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار انعام اللہ خان نے 20 ہزار 333 ووٹ لیے اور وہ پہلے نمبر پر ہیں، جب کہ ان کے مدمقابل جے یو آئی امیدوار رفیع اللہ 13 ہزار 564 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر رہے۔ اور جماعت اسلامی کے امیدوار افتخار احمد 9546 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق چیئرمین تحصیل کونسل متھرا پشاور کی خالی نشست پر ووٹ ڈالنے کیلئے 155پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے، تحصیل کونسل متھرا میں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 9 ہزار 399 ہے۔ انتخابات میں مجموعی طور پر 6 امیدواروں نے حصہ لیا۔

پشاور کی تحصیل متھرا میں چیئرمین کی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے جے یو آئی سے رفیع اللہ، پی ٹی آئی سے انعام اللہ، جماعت اسلامی سے افتخار احمد، اے این پی سے عزیز غفار خان، پی پی پی سے علی عباس خان اور ن لیگ سے فضل اللہ میدان میں ہیں تاہم کانٹے کا مقابلہ جے یو آئی، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے مابین ہے۔

ضمنی بلدیاتی الیکشن سے متعلق متھرا کے شہریوں نے آج نیوز سے گفتگو میں اپنی سیاسی جماعت کے جیتنے کی امید کا اظہار کیا تاہم کچھ شہریوں نے کہا کہ جو بھی کامیاب ہو علاقے میں ترقیاتی کام کروائے اور عوام کی مشکلات میں کمی لائے۔

ووٹنگ ٹرن آؤٹ کتنا رہا؟

حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آوٹ 26 فیصد رہا جس میں مردوں کا 33 فیصد جب کہ خواتین کا 15 فیصد کے لگ بھگ تھا، اسی طرح رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار769 تھی جس میں 55 ہزار 607 ووٹ پول ہوئے، اس میں 1 ہزار 79 ووٹ مسترد کیے گئے جس کے بعد کاسٹ ووٹوں کی مجموعی تعداد 54ہزار 892 رہی۔

اسی طرح ایبٹ آباد کی تحصیل حولیاں میں ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 35 اشاریہ 26 فیصد رہا جس میں خواتین ووٹرز کا ٹرن آوٹ 31 اشاریہ 80 جب کہ مردوں کا ٹرن آوٹ 38 اشاریہ 30 فیصد تھا۔

حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ65ہزار 800 تھی جس میں 58ہزار 469 ووٹس پول ہوئے، اس میں 1 ہزار 305 ووٹ مسترد کئے گئے جس کے بعد مجموعی طور پر 57 ہزار 164 ووٹ کو گنا گیا۔

عوام کو سیکورٹی کی یقین دہانی

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کی کڑی نگرانی کی جاری ہے، عوام بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشنز آئیں۔ پولنگ میں مداخلت اور رکاوٹ ڈالنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ضمنی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ شرپسند عناصر اور بدامنی پھیلانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ تمام سیکورٹی ادارے اور انتظامیہ چوکس اور مستعد رہیں، عوام کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری رابطہ کریں۔

local bodies election

Political Parties

Pakistan Politics

ELECTION COMMISION OF PAKISTAN (ECP)