Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی اپیل نمٹا دی

ٹرائل کورٹ، ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں کرسکتی، فیصلہ
اپ ڈیٹ 04 اگست 2023 11:48am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی اپیل نمٹا دی۔ فیصلے سے قبل توشہ خانہ کیس کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل پر سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا بینچ تبدیل کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی اپیل نمٹاتے ہوئے فیصلہ سنایا، جس میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ، ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں کرسکتی۔

اس سے پہلے سماعت کے دوران تین رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو ہاٸی کورٹ سے کوٸی ریلیف ملا؟

خواجہ حارث نے جواب دیا کہ ہمیں ابھی تک ہاٸی کورٹ سے ریلیف نہیں ملا۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ آپ عدالت سے کیا چاہتے ہیں؟ ہاٸیکورٹ کی جانب سے درخواست پر فیصلہ آنے دیں۔

خواجہ حارث نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ہاٸی کورٹ میں داٸر درخواستوں پر ہمیں نہیں سنا گیا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ عدالتی فیصلے کی خواجہ حارث اپنی مرضی کی تشریح کرتے ہیں۔

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ درخواست گزار کے مطابق ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس زیر التوا ہے، درخواست گزار سپریم کورٹ سے اس موقع پر فیصلہ نہیں چاہتے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا کہ کیا حکمنامے میں کچھ اور شامل کرانا چاہتے ہیں؟

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ عدالت پہلے ہی بہترین حکم جاری کر رہی ہے، عدالت اس کیس کو نمٹانے کے بجائے خارج کرے۔

اس سے قبل توشہ خانہ کیس کے حوالے دائر اپیل کی سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے بینچ میں تبدیلی کی گئی تھی۔

جسٹس مظاہر علی اکبر کی جگہ جسٹس حسن اظہر رضوی کو بینچ میں شامل کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل پر سماعت کرنے والے تین رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس یحییٰ خان آفریدی ہیں۔

بینچ کی تبدیلی کے بعد نئے بینچ میں جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

Toshakhana

Tosha Khana Criminal Proceedings Case

SUPREME COURT OF PAKISTAN (SCP)

Tosha Khana Disciplinary Management Bill 2023