Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کا مقدمہ درج

واقعے کا مقدمہ سات روز بعد ڈیفنس تھانے میں درج کیا گیا
شائع 02 اگست 2023 09:00pm

ڈیفنس میں ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کا مقدمہ 7 روز بعد مقتول کے کزن سانول خان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، جس میں 8 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ 26 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں رکنِ سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی ایڈووکیٹ اکرم ابڑو اور بھتیجے شہریار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، واقعے کا مقدمہ 7 روز بعد ڈیفنس تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمہ مقتول اکرم ابڑو کے کزن سانول خان کی مدعیت میں زبیر شہوانی، گارڈ ثناءاللہ اور مجیب سمیت 8 ملزمان کیخلاف درج کیا گیا ہے، جس میں قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے میں مدعی نے بیان دیا ہے کہ مقتول اکرم ابڑو اورشہریار کو پرانی دشمنی پر دھمکیاں مل رہی تھیں، واقعے کے روز ہم لوگ جیکب اباد جانے کے لیے نکلے تھے کہ راستے میں ہماری گاڑی پر موٹرسائیکل سوار 8 لوگوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

واضح رہے کہ 26 جولائی کو ڈیفنس فیز سیون میں عائشہ مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایم پی اے اسلم ابڑو کا بھائی اور بھتیجا جاں بحق اوردو افراد شدید زخمی ہوگئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تربیت یافتہ ملزمان نے مہارت سے گاڑی کو گھیر کر حملہ کیا۔