Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کندھ کوٹ: ڈاکوؤں نے مغوی بچے فرحان سومرو کی تیسری ویڈیو وائرل کردی

ڈاکوؤں نے بچے کی بازیابی کیلئے 30 لاکھ تاوان طلب کرلیا
شائع 02 اگست 2023 05:44pm
فوٹو:آج نیوز
فوٹو:آج نیوز

ڈاکوؤں نے مغوی بچہ فرحان سومرو کی تیسری ویڈیو وائرل کرتے ہوئے 30 لاکھ روپے تاوان طلب کرلیا۔

کندھ کوٹ میں ڈاکو راج عروج پر ہے، اور صرف ایک ماہ میں 7 بچوں اور ایک خاتون سمیت 30 سے زائد افراد اغوا کرلیا گیا ہے، تاہم پولیس تاحال ان افراد کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے۔

اغوا ہونے والے بچوں میں 3 سالہ عظیم مینک، 5 سالہ فرحان سومرو، 6 سالہ صداقت ہاجانو، 2 سالہ کوثر کوسو، 8 سالہ جئے دیپ کمار، 10 سالہ مقبول میرانی اور 5 سالہ علی شاہ چنا شامل ہے۔

گزشتہ دنوں ڈاکوؤں نے 12 سالہ لڑکے مقبول میرانی کی ویڈیو وائرل کی تھی اور اب ایک اور بچے 5 فرحان سومرو کو برہنہ کرکے ویڈیو وائرل کردی ہے۔

ڈاکوؤں نے مغوی فرحان سومرو کی تیسری ویڈیو وائرل کی ہے، جس میں بچے کو رسیوں سے باندھا ہوا ہے۔

ڈاکوؤں نے بچے کی بازیابی کیلئے30 لاکھ تاوان طلب کیا ہے۔ ویڈیو میں ڈاکو دھیمی آواز میں بچے کو سمجھا رہے ہیں کہ تم اپنے والدین سے 30 لاکھ روپے مانگو تاکہ ہم تمہیں آزاد کریں، کمسن بچہ کبھی ہنس کر تاوان کا مطالبہ کررہا ہے، لیکن اسے علم نہیں کہ وہ کن کے پاس ہے۔

مقبول میرانی کی ویڈیو وائرل

گزشتہ ماہ 29 جولائی کو ڈاکوؤں نے غوث پور کے رہائشی 12 سالہ مقبول میرانی کی بھی برہنہ کرکے ویڈیو وائرل کی تھی، جس میں بچہ ایس ایس پی امجد شیخ اور میرانی برادری سے خود کو آزاد کروانے کی اپیل کررہا ہے۔

بچے کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کو پیسے دے کر مجھے آزاد کرواؤ۔ بچہ اپنے باپ سے شکوہ کر رہا ہے کہ ”ایک مہینے سے میں ڈاکوؤں کے قبضے میں ہوں بڑی مصیبت میں پھنسا ہوا ہوں، خدا کے لیے کسی بھی طرح پیسے دے کر مجھے آزاد کراؤ“۔

ڈاکوؤں نے مقبول میرانی کو ایک ماہ قبل غوثپور تھانہ کی حدود سٹی سے اغواء کیا تھا ، ورثاء سے بچے کی بازیابی کے لیے 10 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا تھا جو نہ دینے کی صورت میں ڈاکووں نے بچے کو برہنہ کرکے وڈیو وائرل کردی۔

Sindh Police

Kandhkot

Childe kidnaping

kidnaping in kandh kot