Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی : دن دیہاڑے لڑکی سے نازیبا حرکت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا

واقعے کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں سرکاری مدعیت میں درج
اپ ڈیٹ 02 اگست 2023 09:22pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

کراچی میں دن دیہاڑے لڑکی سے نازیبا حرکت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔ شہر قائد میں ایک ماہ میں تیسری لڑکی سے راہ چلتے بدتمیزی کی گئی۔

کراچی میں خواتین کو ہراساں کرنے کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ گلستان جوہر اور اورنگی ٹاؤن کے بعد فیڈرل بی ایریا میں بھی خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک واقعہ پیش آیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیجز میں موٹرسائیکل سوار کو خاتون سے غیر اخلاقی حرکت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اور خاتون کو چھڑنے والے ملزم کو واضح دیکھا جا سکتا ہے، واقعہ سمن آباد تھانے کی حدود بلاک 17 کی گلی میں پیش آیا۔

واقعے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج

خاتون کو ہراساں کرنے کا مقدمہ تھانہ سمن آباد میں سرکاری مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس تاحال خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کی شناخت نہیں کرسکی، اور متاثرہ خاتون نے بھی پولیس سے اب تک کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا۔

واقعے کی ایف آئی آر کا عکس
واقعے کی ایف آئی آر کا عکس

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ یکم اگست کو پیش آیا، جس میں موٹر سائیکل سوار شخص نے خاتون کو چلتی موٹر سائیکل سے چھیڑا، خاتون کے شور مچانے پر لوگ اکھٹا ہوئے اور موٹر سائیکل سوار فرار ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے خاتون سے بدتمیزی کرنے والے ملزم کو ڈھونڈ رہے ہیں۔

ایس ایچ او تھانہ سمن آباد کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم کے قریب ہیں، اسے جلد گرفتار کرلیں گے۔

یاد رہے کہ 3 جولائی کو گلستان جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا لیکن پولیس ملزم کو پکڑنے میں ناکام ہے۔

گلستان جوہر کے بعد 18جولائی کو اورنگی ٹاؤن میں راہ چلتی خاتون کو چھیڑنے کا واقعہ پیش آیا، تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

Child Abuse

Karachi Police

harassments