Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک میں مون سون جاری، مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

چھت گرنے سے میاں بیوی اور پہاڑی تودہ گرنے سے ایک بچی جاں بحق
اپ ڈیٹ 30 جولائ 2023 01:55pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقے زیرآب آگئے،نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 25 جون سے 29 جولائی تک 173 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ محکمہ موسمیات نے یکم اگست تک پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مزید طوفانی بارش کی پیش گوئی کردی۔

مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہری پور کے نواحی گاؤں گاندھیاں میں طوفانی بارش کے دوران مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر میاں بیوی جاں بحق ہو گئے، محمد اسحاق اور طاہرہ بی بی کی لاش مقامی افراد نے ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کی۔

ادھر پلندری آزاد کشمیر میں پہاڑی تودہ مکان پر گرنے سے تین سالہ بچی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔

راولاکوٹ اور گردونواح میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگٸی۔ درجنوں مکانات اور دکانيں متاثر ہوٸیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نالے پر موجود ڈیم اور دریک عید گاہ کے مقام پر تعمیر کیےگئے پل کی وجہ سے نقصان ہو رہا ہے۔

لاہور میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ گلشن راوی میں سب سے زیادہ بارش ایک سو چالیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ پانی والا تالاب میں ایک سو پچیس ملی میٹر ، قرطبہ چوک میں ستانوے ،لکشمی چوک میں نواسی تاج پورہ میں اٹھاون ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور سمن آباد میں چوالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری طرف اسلام آباد میں واقع راول ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں ، ڈیم میں صرف تین فٹ گنجائش رہ گئی، ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ایک ہزار سات سو باون فٹ ہے اور اس وقت پانی کی سطح ایک ہزار سات سو انچاس فٹ سے زائد ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، صبح و شام کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔

شہر قائد کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ریکارڈ کیا گیا، شہر میں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےمغربی ہوا چل رہی ہے۔

مسلسل بارشیں اور بھارت سے پانی کے ریلے کے بعد دریائے راوی اور ستلج میں پانی کی سطح بلند ہے۔

دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہونے سے کمالیہ اور ننکانہ صاحب میں پانی دریا کنارے آباد دیہات میں داخل ہورہا ہے۔

ننکانہ صاحب میں دریائے راوی میں تیز بہاؤ کی وجہ سے سیلابی پانی نواں کوٹ، واڑہ جٹاں، گنیش پور، ہیڑے اور بھچوکی پار سمیت دیگر دیہات میں داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے کچے مکانات منہدم ہورہے ہیں۔

بھارت سے آنے والے سیلابی ریلے دریائے ستلج میں داخل ہوگئے، جس سے بہاولپور کے نواحی علاقے ماڑی قاسم شاہ میں دیہات زیر آب آگئے۔

حویلی لکھا میں دریائے ستلج ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر لنڈو فلڈ گیٹ کھول دیا گیا ہے، حفاظتی بند کے دونوں اطراف کے رہائشیوں میں گیٹ کھولنے سے متعلق تنازعہ چل رہا تھا۔ گیٹ کے ایک طرف کے رہائشی لوگوں نے فلڈ گیٹ بند کر دیا تھا دوسری جانب کے لوگ گیٹ کھولنا چاہتے تھے۔

مقامی ایم این اے معین وٹو نے خود موقع پر پہنچ کر بند سیفل کھلوایا، اگر فلڈ موگا نہ کھولا جاتا تو حفاظتی بند ٹوٹنے کا خطرہ تھا۔

حویلی لکھا میں دریائے ستلج ہیڈسلیمانکی کے مقام پر سیلاب کئی آبادیاں بہا لے گیا کچھ لوگ ابھی تک زندگی داؤ پر لگا کر اپنی فیملیز کے ساتھ گاؤں میں موجود ہیں۔

پاکپتن میں سیلاب سے دریائی بیلٹ بری طرح سے متاثر ہوا ہے، ہزاروں لوگوں کے گھر، فصلیں، جانور اور املاک تباہ ہوگئیں۔ انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے اور امداد نہ ملنے پر سیلاب متاثرین سراپا احتجاج ہیں۔

عارف والا میں دریائے ستلج کی سطح بلند ہونے کے بعد سیلابی ریلے سے تباہ کاریاں جاری ہیں، کڑور روپے مالیت کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ اہل علاقہ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔ عارف والا میں دریائے ستلج میں پانی کی سطح اس وقت0 43 84 کیوسک ہے۔

متاثرین کہتے ہیں کسانوں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے، دھان ، کپاس ، مکئی اور تل کی فصیلیں تباہ ہوگئیں۔ ہم لوگ اپنی مدد آپ کے تحت سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔

دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ، چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ تونسہ اور گڈو بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

این ڈی ایم اے رپورٹ

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصان سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔

رہورٹ کے مطابق 25 جون سے 29 جولائی تک 173 افراد جان کی بازی ہارگئے۔جاں بحق افراد میں 69 مرد، 32 خواتین اور 72 بچے شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 67 اموات رپورٹ ہوئیں، خیبرپختونخوا سے47، بلوچستان سے 10اموات رپورٹ ہوئیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 11 افراد جاں بحق ہوئے، ، سندھ میں 21، آزاد کشمیر میں 12 اور گلگت بلتستان میں 5 افراد جان سے گئے۔

حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں 260 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 110مرد، 76 خواتین اور 74 بچے شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھرمیں کل 1485 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 475 مویشی سیلاب میں بہہ گئے۔

Rain

Pakistan Meteorological Department

flood situation