Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  
بریکنگ

ڈراپ سین: انجو نے بھارت واپس جانے کے بجائے نصراللہ سے نکاح کرلیا

نصراللہ نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے انجو سے نکاح اور اس کی مذہب تبدیلی کی خبروں کی تردید کردی
اپ ڈیٹ 25 جولائ 2023 06:40pm

فیس بُک پر دوستی کے بعد بھارت سے پاکستان آنے والی شادی شدہ خاتون انجو نے دیر بالاکے رہائشی نصراللہ سے نکاح کرلیا ہے، تاہم نصراللہ نے بھارتی میڈیا کو بتایا ہے کہ اس نے انجو سے نکاح نہیں کیا نہ ہی انجو نے مذہب تبدیل کیا ہے۔

بھارت سے آئی انجو اور نصر اللہ کی دوستی پیار سے شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہے، اور ان کا نکاح ڈسٹرکٹ کورٹ دیر میں پڑھایا گیا۔ اس موقع پر انجو کالا برقع پہن کر اپر دیر کی ضلعی عدالت میں پیش ہوئیں، اور نکاح سے قبل انجو نے اسلام قبول کیا اور اس کا اسلامی نام ”فاطمہ“ رکھا گیا۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ کی نکاح کی تصدیق

ڈپٹی انسپکٹر جنرل مالاکنڈ ڈویژن ناصر محمود ستی نے بھی انجو اور نصراللہ کے نکاح کی تصدیق کی ہے، اور ”آج نیوز“ سے خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع پولیس کے سربراہ نے انہیں مطلع کیا تھا کہ انجو اور نصراللہ کا نکاح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ہوا ہے، اور نکاح کے بعد جوڑے کو پولیس نے اپنی حفاظت میں گھر تک پہنچایا۔

برقعے میں ملبوس انجو (فاطمہ) عدالت پیشی کے بعد
برقعے میں ملبوس انجو (فاطمہ) عدالت پیشی کے بعد

ڈی آئی جی نے یہ بھی تصدیق کی کہ انجو نے عدالت کے سامنے ایک حلف نامہ بھی جمع کرایا ہے، جس میں ان نے بیان دیا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اور بغیر کسی دباؤ کے عیسائیت سے اسلام قبول کر رہی ہیں۔

ناصر ستی نے مزید بتایا کہ نکاح کی شرائط کے تحت انجو (فاطمہ) کا حق مہر 10 تولے سونا مقرر کیا گیا ہے۔

نصراللہ کی نکاح اور انجو کی مذہب تبدیلی کی تردید

دوسری جانب پاکستانی نوجوان نصراللہ نے ایک بار پھر اپنے اور انجو کے نکاح کی تردید کردی ہے، بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے نصراللہ نے نکاح اور انجو کے مذہب تبدیل کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر عدالت سے رجو کیا تھا۔

انجو اور نصراللہ عدالت میں
انجو اور نصراللہ عدالت میں

پاکستانی میڈیا میں انجو اور نصراللہ کی شادی کی خبر کے صرف چند منٹ بعد ہی نصراللہ نے بھارتی نشریاتی ادارے ”انڈیا ٹو ڈے“ سے بات کرتے ہوئے نکاح سے متعلق خبروں کی تردید کی، تاہم انہوں نے انجو کے برقعہ پہننے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

”انجو اور نصراللہ کی شادی“ کے عنوان سے ویڈیو وائرل

گزشتہ روز ’انجو ویڈز نصراللہ‘ کے عنوان سے ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں بظاہر نوبیاہتا جوڑا ہی تھا، اور انہیں ویڈیو میں خیبر پختون خوا کے خوبصورت پہاڑی مقامات پر سیر کرتے ہوئے دکھایا گیا، ویڈیو میں دونوں مبینہ میاں بیوی ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے، ساتھ چلتے اور دوسرے کے قریب بیٹھے نظر آرہے ہیں۔

نئے جوڑے کے ساتھ دیگر نوجوان
نئے جوڑے کے ساتھ دیگر نوجوان

ویڈیو میں انجو نے وہی برقعہ زیب تن کررکھا ہے جو اس نے عدالت میں بھی پہن رکھا تھا، اور عدالت میں انجو نے اپنا چہرہ چھپا رکھا تھا، تاہم سیر و تفریح کے دوران انہوں نے چہرے سے نقاب اتار دیا، جب کہ ویڈیو میں نئے جوڑے کے ساتھ دیگر نوجوان بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

مذہب تبدیلی لازمی نہیں ہے

نصراللہ نے اس سے پہلے کہا تھا کہ مذہب کی تبدیلی ان کی کہانی میں لازمی جزو نہیں ہے، اتوار کے روز بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے نصراللہ نے کہا تھا کہ انجو اسلام قبول کرتی ہیں یا نہیں، یہ صرف ان کا فیصلہ ہوگا اور وہ اس فیصلے کا احترام کریں گے۔

مقامی افراد نے اپر دیر میں بھارتی لڑکی انجو کی موجودگی کے حوالے سے مثبت خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پختونوں کی مہمان اور بہو ہیں۔

انجو اپنے شوہر کو کیا بتا کر آئی تھی

نصراللہ سے 2019 فیس بک پر دوستی کے بعد پاکستان آنے والی 34 سالہ انجواپنے شوہرکو بتا کرآئی تھی کہ وہ جے پور جارہی ہے۔ انجو نے اروند سے شادی کیلئے عیسائیت قبول کی تھی۔

2 روز قبل پاکستانی اور بھارتی میڈیا پر یہ معاملہ وائرل ہونے کے بعد گزشتہ روز 29 سالہ نصراللہ کا بیان سامنے آیا تھا جس میں اس کا کہنا تھا کہ دونوں کا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انجو20 اگست کو اپنے ویزے کی میعاد ختم ہونے کے بعد اپنے ملک واپس چلی جائے گی، وہ میرے خاندان کی دیگر خواتین کے ساتھ گھر کے ایک علیحدہ کمرے میں رہ رہی ہے۔

انجو کے مصدقہ دستاویزات

واضح رہے کہ انجو ویزہ لیکر پاکستان پہنچی تھی جس کی مدت 20 اگست کو پوری ہورہی ہے۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی جانے والی ایک سرکاری دستاویز کے مطابق انجو کو 30 دن کا ویزا دیا گیا ہے، جو صرف اَپردیر کے لیے موزوں ہے۔

india

Anju

Nasrullah