Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

عدالت نے یاسمین راشد کو 7 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا
اپ ڈیٹ 24 جولائ 2023 05:05pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 5 مقدمات میں رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور سینیٹر اعجاز چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان کے روبرو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور سینیٹر اعجاز چوہدری کو پیش کیا گیا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ مقدمات کا چالان تکمیل کے مرحلہ میں ہے مہلت دی جائے اور ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

جس پر عدالت نے مقدمات کا چالان جلد مکمل کر کے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے دوبارہ 7 اگست کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف تھانہ گلبرگ میں مقدمہ نمبر 1271/23، مقدمہ نمبر 1280/23، تھانہ شادمان میں مقدمہ نمبر 768/23،تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ نمبر 367/23 اور تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ نمبر 108/23 درج ہے۔

عمر سرفراز چیمہ اور سینٹر اعجاز چوہدری کے خلاف سرور روڈ تھانہ میں درج مقدمہ نمبر 96/23 میں پیش کیا گیا تھا۔

اعجاز چوہدری کو جیل میں بی کلاس کی سہولیات فراہم نہ کرنے کا اقدام چیلنج

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رینما سینیٹر اعجاز چوہدری کو جیل میں بی کلاس کی سہولیات فراہم نہ کرنے پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

یہ درخواست اعجاز چوہدری کی اہلیہ سلمی اعجاز نے اپنے وکیل مہر فیاض کے توسط سے دائر کی ہے۔

درخواست میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، آئی جی جیل اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ودالت نے اعجاز چوہدری کو جیل میں بی کلاس کی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم نے کسی قانونی جواز کےبغیر درخواست مسترد کردی۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ سینیٹر اعجاز چوہدری پر صرف الزام ہے وہ سزا یافتہ نہیں ہیں۔ اعجاز چوہدری سیاسی جماعت کے عہدیدار اور عمر رسیدہ شہری ہیں،نو مئی کے واقعات کے بعد درخواست گزار کے خاوند کو گرفتار کر کے جیل میں رکھا گیا ہے۔

جیل میں اعجاز چوہدری کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم نہیں کی جارہی، اعجاز چوہدری کو جیل میں ادویات، کھانا فراہم کرنے سمیت سہولیات نہیں دی جارہی۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت جیل حکام کو اعجاز چوہدری کو جیل میں بی کلاس جیل کی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے۔

imran khan

Yasmin Rashid

Omer Sarfraz Cheema

jinah house attack

MAY 9 RIOTS