Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

ڈسٹرکٹ جوڈیشل سب جیل قمبر سے قتل کے مجرموں سمیت 15 قیدی فرار

ڈیوٹی پر موجود اے ایس آئی اہلکاروں سمیت گرفتار
اپ ڈیٹ 23 جولائ 2023 08:46pm

ڈسٹرکٹ جوڈیشل سب جیل سے قتل کے مجرموں سمیت 15 قیدی جیل کی چھت توڑ کر فرار ہوگئے۔

سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں واقع ڈسٹرکٹ جوڈیشل سب جیل کی انتظامیہ کی سنگین غفلت سامنے آئی ہے، جہاں قتل سمیت مختلف کیسز میں انتہائی مطلوب مجرم جیل کی چھت توڑ کر باآسانی فرار ہوگئے۔

جیل ذرائع مطابق جیل سے فرار ہونے والوں میں منشیات فروش، چوری اور قتل کے قیدی شامل ہیں، اور ان قیدیوں کے خلاف عدالتوں میں مقدمات بھی چل رہے ہیں۔ جیل ذرائع مطابق فرار ہونے والے ملزمان میں عامر گاڈھی،وسیم ٹوٹانی،ربنواز خاصخیلی،صدام مغیری سمیت دیگر شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی قمبر توحید رحمان میمن اور ڈی ایس پی اعجاز میمن سب جیل قمبر پہنچ گئے، اور جیل کا معائنہ کیا۔

ایس ایس پی قمبر توحید رحمان میمن مطابق فرار قیدیوں کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس نے کارروائیاں شروع کردی ہیں، ملزمان جلد گرفتار کرلیے جائیں گے۔

ایس ایس پی توحید الرحمان میمن نے مجرمانہ غفلت میں ڈیوٹی پر موجود اے ایس آئی کو اہلکاروں سمیت گرفتار کرلیا ہے، اور فرار ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

ایس ایس پی توحید الرحمان کے مطابق ہیڈ محرر سمیت 7 پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں اے ایس آئی امداد گوپانگ، حاجی خان کھوسو اور ذوالفقار کھوسو شامل ہیں۔

ایس ایس پی قمبر کا کہنا تھا کہ واقعہ میں غفلت برتنے والے پولیس اہلکار سمیت اے ایس آئی خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔

Qamber Shahdad Kot

District Judicial Sub Jail