Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستانی لڑکے کی محبت میں شادی شدہ بھارتی لڑکی دیر بالا پہنچ گئی

35 سالہ انجو کا تعلق دہلی سے اور 29 سالہ نصراللہ دیر بالا کے رہائشی ہیں
اپ ڈیٹ 24 جولائ 2023 12:04pm

پاکستان سے بھارت جانیوالی سیما حیدر رند کی طرح ایک شادی شدہ بھارتی لڑکی دیر بالا کے رہائشی نصراللہ کی محبت میں پاکستان پہنچ گئی ہے۔ سیما ہی کی طرح انجو کے حوالے سے سرکاری ادارے تحقیقات کر رہے ہیں تاہم سیما کے برعکس انجو قانونی طور پر ویزا لے کر پاکستان پہنچی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی ایک اور دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی، تاہم اس بار یہ کہانی ایک بھارتی لڑکی اور پاکستانی لڑکے کی ہے، اور جوڑے کو قانونی رکاوٹیں درپیش ہیں۔

بھارتی شہر دہلی کی رہائشی 35 سالہ انجو کی فیس بک پر دیر بالا کے رہائشی 29 سالہ نصراللہ کے ساتھ دوستی ہوئی، جو پیار میں تبدیل ہوگئی اور انجو دہلی سے خیبر پختون خوا کے شہر دیر بالا پہنچ گئی۔

مصدقہ سفری دستاویزات

آج نیوز کے نمائندہ ناصر زادہ کے مطابق بھارتی لڑکی انجو جمعہ کے دن پاکستان پہنچی تھی۔ دیربالا کے ایس ایچ او جاوید خان نے تصدیق کی ہے کہ انجو دیربالا پہنچ چکی ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے اس سے تفتیش شروع کردی ہے۔

بھارتی لڑکی انجو کا کہنا ہے کہ اس کی نصراللہ سے فیس بک پر 4 سال پہلے دوستی ہوئی تھی، جو اب محبت میں بدل چکی ہے، اور میں اس کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی۔

بھارتی لڑکی انجو کے پاس باقاعدہ ویزہ فارم موجود ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ انجو کو اپر دیر میں 30 دن رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔

انجو اور اس کے محبوب نصراللہ نے اتوار کے روز انجو کی ضلع میں آمد کا اندراج کرنے کے لئے مقامی پولیس اسٹیشن سے رابطہ بھی کیا ہے، اور اپر دیر کے مقامی تھانے نے انجو کے سفری دستایزات کو درست قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ جب بھی کوئی غیر ملکی شہری پاکستان کا دورہ کرتا ہے تو قانون کے مطابق مقامی پولیس اسٹیشن جانا پڑتا ہے اور اپنے سفری دستاویزات دکھانے پڑتے ہیں۔

بھارتی لڑکی انجو کے ویزے کا عکس
بھارتی لڑکی انجو کے ویزے کا عکس

ایس ایچ او جاوید کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون اور نصراللہ گزشتہ چار سال سے دوست تھے۔ لڑکی انجو قانونی طریقے سے ویزے کے ذریعے واہگہ بارڈر سے پاکستان داخل ہوئی، اور پھر اسلام آباد پہنچی، جہاں سے اسے نصراللہ نے ساتھ لیا اور دونوں دیر بالا پہنچے۔

انجو شادی شدہ ہے

نصر الله کے گھر والوں نے آج نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انجو بھارت میں شادی شدہ ہے اور وہاں نوکری کرتی ہے، اور وہ پاکستان میں شادی کی غرض سے نہیں بلکہ سیر کے لیے آئی ہے۔

آج نیوز کے نمائندہ ناصر زادہ نے جوڑے سے ملنے کی کوشش کی تاہم نصراللہ کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ وہ دونوں سیر کے لئے نکلے ہیں، جب کہ مقامی بچوں کا کہنا تھا کہ نصراللہ اور انجو گھر میں موجود ہیں۔

شادی کے حوالے سے نصراللہ کی بی بی سی سے بات

برطانوی نشریاتی ادارے (BBC) سے بات کرتے ہوئے نصراللہ کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ میڈیا ان کی ذاتی زندگی کو بڑھا چڑھا کر پیش کرے۔ تاہم نصراللہ نے یہ بھی تصدیق کی کہ انجو پہلی بار پاکستان آئی ہے اور اس کے آئندہ پاکستان آنے پر وہ دونوں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

نصراللہ نے بی بی سی کو مزید بتایا کہ آئندہ دو سے 3 روز کے دوران وہ اور انجو منگنی کرلیں گے، اور 10 سے 12 دن بعد انجو بھارت واپس چلی جائے گی اور پھر شادی کے لئے دوبارہ پاکستان آئے گی، تاہم یہ میری اور انجو کی ذاتی زندگی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ اس میں کوئی مداخلت کی جائے، اسی لئے ہم میڈیا سے دور رہنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Indian girl arrived pakistan