کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر قتل، نئی سبزی منڈی کے تاجروں کا سپر ہائی وے پر احتجاج
کراچی میں نئی سبزی منڈی پر ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا، واقعے کے خلاف تاجروں نے سپرہائی وے پر احتجاج کیا۔
مشتعل مظاہرین نے سپر ہائی وے کے دونوں ٹریک بند کرکے احتجاج کیا جس کے باعث سڑک کے دونوں ٹریک پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ مظاہرے کے وقت کراچی سے حیدر آباد جانے والے ٹریفک کو رم جھم جمالی پل کے قریب سے گزارا گیا، جبکہ حیدرآباد سے کراچی آنے والے ٹریفک کو ملیر ماڈل کالونی بھیجا گیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سبزی منڈی میں ملزمان نے ٹائر کی دکان پر ڈکیتی کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ سے ایک جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جس سے سبزی منڈی کے تاجر پریشان ہیں۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے، انھوں نے کہا کہ ہمیں تحفظ دیا جائے تاکہ پر سکون ماحول میں کاروبار کیا جاسکے۔
کامیاب مذاکرات
پولیس کی جانب سے فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی گئی۔ جس کے بعد پولیس اور مارکیٹ ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔
کامیاب مذاکرات کے بعد سپرہائی وے ایم۔نائن کو ساڑھے 4 گھنٹے بعد ٹریفک کےلیے کھول دیا گیا۔
مظاہرین کی جانب سے ایم نائن پر لگائی گئی رکاوٹیں ہٹادی گئیں جس کے بعد ہزاروں کی تعداد میں ٹریفک میں پھنسی گاڑیاں منزل کی جانب روانہ ہوئیں۔
Comments are closed on this story.