Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کیخلاف سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان گواہ بن گئے، سائفرگُم کرنے کا بھی الزام

عمران خان نے تمام تر حقائق چھپا کر سائفر کا بے بنیاد بیانیہ بنایا
اپ ڈیٹ 19 جولائ 2023 02:02pm

عمران خان کے خلاف بطور وزیراعظم ان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان گواہ بن گئے ہیں۔ انہوں نے مجسٹریٹ کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں سابق وزیراعظم پر وزارت خارجہ کے سائفر کو اپوزیشن اور اسٹیبلشمنٹ کیخلاف سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اعظم خان نے یہ سنگین الزام بھی عائد کیا ہے کہ عمران خان نے سائفر ان سے لیا تھا جسے انہوں نے گم کر دیا اور بعد میں کبھی واپس نہیں کیا۔

اعظم خان نے سائفر سے متعلق 164 کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے بئیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے تمام تر حقائق کو چھپا کر سائفر کا بے بنیاد بیانیہ بنایا۔

اعظم خان نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے بچنے کیلئے سائفر کو بیرونی سازش کا رنگ دیا۔ کہا گیا ’سائفر کو غلط رنگ دے کر عوام کا بیانیہ بدل دوں گا‘۔

ذرائع کے مطابق اعظم خان نے کہا کہ سائفر کے معاملے پر تمام کابینہ ارکان کو ملوث کیا گیا اور تمام لوگوں کو بتایا گیا کہ سائفر کو کیسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اعظم خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر مجھ سے 9 مارچ کو لے لیا اور بعد میں گم کر دیا۔

اعظم خان کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ان کے سامنے سائفر کو عوام کے سامنے بیرونی سازش کے ثبوت کے طور پر پیش کرنے کی بات کی۔

28 مارچ کو بنی گالا میٹنگ اور 30 مارچ کو اسپیشل کیبنٹ میٹنگ میں سائفر کا معاملہ زیربحث آیا، میٹنگز میں سیکرٹری خارجہ نے شرکاء کو سائفر کے مندرجات کے متعلق بتایا۔

اس سے قبل عمران خان اور اعظم خان کی آڈیو بھی لیک ہوئی تھی جس میں انہیں سائفر سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

لیک آڈیو میں اعظم خان کو کہتے سُنا جاسکتا ہے کہ، ’میراخیال ہے یہ جوسائفرہے نا اس پرمیٹنگ کرلیتے ہیں، ایک میٹنگ کریں شاہ محمودقریشی اورفارن سیکریٹری کےساتھ ۔۔۔ قریشی وہ لیٹر(سائفر )پڑھ کر سنائیں گے اور جو وہ پڑھ کرسنائیں گےاسے کاپی میں بدل دیں گے۔‘

اعظم خان عمران خان کو تجویزکرتے ہیں کہ اس میٹنگ کے اہم نکات اپنی مرضی سے ریکارڈ کریںگے کیونکہ یہ میرے ہاتھ میں ہے، تجزیہ کریں گے کہ سفارتی زبان میں اسے دھمکی کہتے ہیں۔

جواب میں عمران خان کہتے ہیں کہ تو پھر کس کس کو بلائیں۔

اعظم خان کی جانب سے شاہ محمود قریشی ، عمران خان ، سہیل اور اپنا نام لیا گیا جس کے بعد عمران خان نے حامی بھرتے ہوئے کہا کہ ، ’میں اورسہیل ٹھیک ہےکل ہی کرتےہیں،تاکہ یہ چیزیں ریکارڈپرآجائیں ۔‘

سائفر معاملہ کیا ہے؟

خیال رہے کہ رواں برس مارچ میں ایک جلسے کے دوران اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنی جیب سے خط نکال کر دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ان کی بیرونی پالیسی کے سبب ’غیر ملکی سازش‘ کا نتیجہ تھی اور انہیں اقتدار سے ہٹانے کے لیے بیرون ملک سے فنڈز بھیجے گئے۔

imran khan

Azam Khan

Cypher