Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا الیکشن سے پہلےہوگی یا بعد میں، معلوم نہیں، رانا ثناللہ

دہشتگردی کی کارروائیوں میں افغان سرزمین ملوث ہے، رانا ثناءاللہ
اپ ڈیٹ 18 جولائ 2023 08:40pm

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں افغان سرزمین ملوث ہے، جب کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو سزا الیکشن سے پہلے ہوگی یا بعد میں ہوگی، معلوم نہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ
چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا یا نااہلی ہوگی اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، سزا الیکشن سے پہلے ہوگی یا بعد میں معلوم نہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ واپس لینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا ہوگا، موجودہ حالات میں امید نہیں کہ ہماری اپیل منظور ہوگی، شیخ رشید کو گرفتار کرکے اسے اہمیت نہیں دینا چاہتے۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ مردم شماری کو دوبارہ کرانے کے لیے سب کو متفق ہونا ہوگا، پی ڈی ایم تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گی، جنرل الیکشن میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا، پنجاب میں قومی اسمبلی کی 100 اور صوبائی اسمبلی کی 200سیٹیں پکی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں افغان سرزمین ملوث ہے، انتہا پسندی کی وجہ سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے، انتہا پسند ایجنڈوں کے خلاف عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ عمران ریاض کہاں ہے اللہ بہتر جانتا ہے، اس کی فیملی نے ہمارے ساتھ رابطہ نہیں کیا،رابطہ کریں گے تو مدد کے لیے تیار ہیں۔

اس سے قبل وزیرداخلہ رانا ثنااللہٓ کی زیر صدارت نیشنل کاؤنٹروائلنٹ ایکسٹریم ازم پالیسی 2023 ء کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں ڈی جی نیکٹا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پالیسی 280 سے زائد ماہرین کی آرا کا مجموعہ ہے، اس سے امن، رواداری اور تنوع کی اقدار کو فروغ دیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیرداخلہ نےانتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اظہارکیا، جب کہ اسٹیک ہولڈرز کو بھی وسیع مشاورت میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

نیشنل کاؤنٹر وائلنٹ ایکسٹریم ازم پالیسی 2023 ء کو منظوری کے لئے کابینہ میں بھجوایا جائے گا۔

Rana Sanaullah