Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: بڑے بھائی کا بیٹوں کے ساتھ مل کر چھوٹے بھائی کا قتل، ویڈیو بھی آگئی

مقتول پولیس اہلکار اور پانچ بچوں کا باپ تھا
شائع 17 جولائ 2023 09:59pm
فوٹو:آج نیوز
فوٹو:آج نیوز

لیاری میں بڑے بھائی نے بیٹوں کے ساتھ مل کر چھوٹے بھائی کو قتل کردیا، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔

خون سفید ہوگیا، جائیداد کی لالچ نے بڑے بھائی کی آنکھوں پر پٹی باندھ دی۔ کراچی کے علاقے لیاری کوئلہ گودام گلستان کالونی میں ملزم بخت زمین نے اپنے بیٹوں کے ساتھ مل کر اپنے ہی سگے چھوٹے بھائی 35 سالہ اسماعیل کو موت کی نیند سلا دیا۔

مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہے جائیداد کا تنازعہ کافی عرصے سے چل رہا تھا اور کافی دفعہ فیصلے بھی ہوئے لیکن ملزمان نے اسماعیل کی جان لے لی۔

مقتول 2008 میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا اور گارڈن ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھا۔ مقتول کے دوسرے بھائی کا کہنا ہے اسماعیل بچوں کو پڑھانا چاہتا تھا، واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

دوسری جانب واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، جس میں ملزمان کو قتل کی واردات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں مرکزی ملزم اور مقتول کے بھائی بخت زمین اور اس کے بیٹوں کو اسماعیل پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جھگڑے کے دوران مقتول کے بھتیجے نے پستول نکالا اور چچا پر گولیاں برسائیں۔

ویڈیو میں واضح ہے کہ پولیس اہلکار اسماعیل زخمی حالت میں بھی مزاحمت کرتا رہا، تاہم قاتل گولیاں مارنے کے بعد بھی اس پر ڈنڈوں اور سریوں سے وار کرتے رہے۔ ملزمان نے قتل کے بعد مقتول اسماعیل کی موٹر سائیکل کو بھی آگ لگا دی اور واقعہ کے بعد فرار ہوگئے۔

مقتول کی نماز جنازہ مدینہ پارک میں ادا کردی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ روز کا ہے، مقتول اسماعیل کو اس کے بڑے بھائی نے اپنے بیٹوں کے ساتھ مل کر قتل کیا تھا، واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔

حکام نے مزید بتایا کہ مقتول اسماعیل کا اپنے بھائی بخت زمان اور بھتیجوں سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، اور بخت زمان نے کچھ عرصہ قبل اسماعیل پر چاکیواڑہ تھانے میں جھوٹا مقدمہ بھی درج کرایا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں درج کرلیا ہے، مقتول اسماعیل کی بیوہ نے ایف آئی آر میں مقتول کے بھائی اور بھتیجوں سمیت 5 افراد کو نامزد کیا ہے، واقعے کے بعد سے تمام ملزمان فرار ہیں، فوری طور پر کوئی گرفتاری نہیں ہوسکی۔

killing in karachi

Murder of younger brother