گھاس کی طرح سیاسی جماعتیں اُگ رہی ہیں، پرویز خٹک کی جماعت پر پی ٹی آئی کا ردعمل
تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن کا کہنا ہے کہ ملک میں ساون کے گھاس کی طرح سیاسی جماعتیں اُگ رہی ہیں، چند روز قبل لاہور میں بویا جانے والا ”استحکام“ مارکہ بیج بھی گلا سڑا نکلا۔
پرویزخٹک کی جانب سے نئی جماعت کے اعلان پر تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا ہے، اور ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ مون سون جاری ہے، ملک میں ساون کے گھاس کی طرح سیاسی جماعتیں اُگ رہی ہیں۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی کھڑی فصل کو 14 جماعتیں ٹڈی دَل سے تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، چند ہفتے پہلے لاہور میں بویا جانے والا ”استحکام“ مارکہ بیج گلا سڑا نکلا، جو فصل بننے سے پہلے ہی خاک میں مل گیا۔
تحریک انصاف کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی سیاست طرح طرح کے رنگوں سے نکل کر سیاہ و سفید میں ڈھل چکی ہے۔
پرویزخٹک کی نئی سیاسی جماعت تحریک انصاف پارلیمنٹرینز
واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کے بعد پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز کے نام سے اپنی جماعت بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان بھی نئی سیاسی جماعت میں شامل ہیں، جب کہ پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکانِ اسمبلی نے پرویز خٹک کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
Comments are closed on this story.