Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جائیداد تنازع: بھائی اور بھتیجوں کے ہاتھوں پولیس اہلکار کا دل دہلا دینے والا قتل

مقتول کو گولیاں مارنے کے بعد اس پر ڈنڈوں اور سریوں کے وار بھی کیے گئے۔
اپ ڈیٹ 17 جولائ 2023 02:57pm

کراچی کے علاقے لیاری کی گلستان کالونی میں جائیداد کے تنازع پر بڑے بھائی اور بھتیجوں نے اسماعیل نامی پولیس اہلکار کو قتل کردیا۔

آج نیوز کو موصول واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مقتول کے بڑے بھائی بخت زمین اور اس کے بیٹوں کو اسماعیل پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

جھگڑے کے دوران مقتول کے بھتیجے نے پستول نکالا اور چچا پر گولیاں برسادیں، پولیس اہلکار اسماعیل کو زخمی حالت میں بھی مزاحمت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

مقتول کو گولیاں مارنے کے بعد اس پر ڈنڈوں اور سریوں کے وار بھی کیے گئے۔

ویڈیو کے مطابق ملزمان نے قتل کے بعد مقتول اسماعیل کی موٹر سائیکل کو بھی آگ لگا دی۔

مقتول کی نماز جنازہ لیاری مدینہ پارک میں ادا کردی گئی ہے جس میں اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب سمیت اہل علاقہ نے شرکت کی۔

مقتول گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر ساؤتھ میں تعینات تھا۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اسماعیل کو بڑے بھائی بخت زمین اور اس کے بیٹوں نے فائرنگ کرکے مارا ہے، بخت زمین اور اس کے بچوں نے اسماعیل کو قتل کرنے کے بعد اس کی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی۔

اہلِ خانہ نے بتایا کہ مقتول اسماعیل 2008ء میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا، اس کے 5 بچے ہیں اور سب سے بڑی بیٹی 11 سال کی ہے۔

اہلِ خانہ نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔

اہلِ خانہ نے بتایا کہ واقعہ کے بعد سے بخت زمین بچوں کے ساتھ فرار ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

Liyari

Policeman Murder