Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستانی نژاد کینیڈین کے قتل میں ملوث دونوں ملزمان گرفتار

ملزمان نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کرلیا، پولیس
شائع 16 جولائ 2023 04:37pm

ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی نژاد کینیڈین کے قتل میں ملوث دونوں ملزمان گرفتار کرلیا۔

گزشتہ ماہ 26 جون کو کراچی کے علاقے پاپوش نگر ناظم آباد بورڈ آفس پر فائرنگ سے پاکستانی نژاد ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا گیا تھا، تاہم ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

ملزم ظہیر کولاچی
ملزم ظہیر کولاچی

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں ظہیر اور خلیل شامل ہیں، ایک ملزم سرجانی اور دوسرا ملزم منگھوپیر کا رہائشی ہے، دونوں نے دوران تفتیش قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول امین علوی بچوں کو شاپنگ کروانے کیلئے نکلے تھے، منی چینجر سے رقم تبدیل کروانے لیے اندر گئے، تو ملزمان سڑک کی دوسری جانب سے ان کی ریکی کر رہے تھے۔

ملزم خلیل احمد
ملزم خلیل احمد

حکام کے مطابق مقتول امین علوی منی چینجر کے آفس سے نکلے اور انہوں نے گاڑی گھمائی تو ملزمان پیچھے لگ گئے، تاہم امین علوی گاڑی سے اتر کر شاپنگ کے لیے چلے گئے، اور جیسے ہی واپس آئے تو ملزمان نے لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزمان نے انہیں گولی ماری اور فرار ہوگئے۔

واقعے کا پس منظر

کراچی کے علاقے پاپوش نگر ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب 26 جون 2023 کو فائرنگ سے پاکستانی نژاد ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا گیا تھا، مقتول کئی منٹ تک سڑک پر تڑپتا رہا لیکن کوئی مدد کو نہ آیا۔

مقتول غریب بچوں کو عید کی شاپنگ کے لئے لے کر گیا تھا لیکن ڈکیتوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔ معصوم بچوں نے آنکھوں دیکھا حال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ 55 سالہ امین علوی دوپہر کو 4 غریب بچوں کو نارتھ ناظم آباد اپنے گھر سے لے کر نکلا تھا، وہ پہلے بینک اور پھر منی چینجر گیا اور پھر بچوں کو شاپنگ کے لئے ناظم آباد لے کر پہنچا۔

بچوں کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر دو مسلح ملزمان آئے ایک موٹر سائیکل سے اتر کر گاڑی کے قریب آیا، ملزم نے آتے ہی کہا کہ جو کچھ ہے نکال دو جس پر انکل نے کہا کہ کیا چاہیے، ڈاکو انکل کی جیبوں میں ہاتھ ڈالنے لگا تو انکل نے پیچھے کیا، ملزم نے انکل پر فائرنگ کردی اور روڈ پر کھڑے اپنے ساتھی کے ساتھ فرار ہوگیا۔

بچوں نے بتایا کہ انکل کئی منٹوں تک سڑک پر پڑے رہے کوئی بھی اٹھانے نہیں آیا، متعدد گاڑیاں روکی لیکن کسی نے مدد نہیں کی، پھر ایک رکشے والے نے مدد کی تو ہم اسپتال پہنچے، لیکن دوران علاج انکل کا انتقال ہوگیا، بچوں کے مطابق پولیس والے بھی دیر سے پہنچے جب سب کچھ ہوگیا تھا۔

واقعے کا مقدمہ مقتول کی بہن کی مدعیت میں درج

واقعہ کا مقدمہ مقتول کی بہن کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئیں۔

مقتول کی بہن کے مطابق میرا بھائی پرسوں کینیڈا سے کراچی آیا تھا، 26 جون کی رات میرا بھائی امین علاقے کے کچھ بچوں کو عید کی شاپنگ کروانے جا رہا تھا، اس دوران پاپوش نگر ریلوے پھاٹک کے قریب ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان آئے،اور اسلحہ کے زور پر بھائی کو لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس سے بھائی جاں بحق ہوگیا۔

امین علوی کون تھے

65 سالہ امین علوی کینڈین شہری تھے اور اپنی بیوی بچوں کے ہمراہ کینڈا میں رہتے تھے، 5 سال پہلے سعودی ائیرلائن سے ریٹائرڈ ہوئے اور ہر سال دو تین مرتبہ کراچی آتے تھے، اس بار بھی وہ قتل ہونے سے 5 دن پہلے ہی کراچی آئے تھے۔

مقتول امین علوی کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔

Syed Amin ud din Alvi

Canadians of Pakistani origin