Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، لنڈی کوتل میں نالے بپھر گئے، 2 افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کردی
اپ ڈیٹ 15 جولائ 2023 04:50pm
فوٹوــ فائل
فوٹوــ فائل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ ندی نالوں میں طغیانی آگئی، لنڈی کوتل میں نالے بپھر گئے، 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

راولپنڈی اسلام آباد اور پشاور کے مختلف علاقوں میں رات گئے تیز بارش سے موسم سہانا ہوگیا جبکہ برسات کے بعد ورسک روڈ، شامی روڈ، جہانگیرپورہ سمیت کئی شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔

لنڈی کوتل اور مضافات میں طوفانی بارشوں سے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی، دو کارگو گاڑیاں کنٹینرز سمیت برساتی ریلے میں بہہ گئیں۔

علی مسجد کے مقام سے ایک نوجوان اور بچے کی لاش ریلے سے نکال لی۔ کئی مقامات پر بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ کئی مکانات بھی منہدم ہوگئے۔

لنڈی کوتل میں ہی بارش کے باعث شلمان رابطہ سڑک بند ہوگئی، اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق سڑک بند ہونے سے علاقہ شلمان کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

دوسری طرف پشاور اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے باعث بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی، پیسکو کے 150 فیڈرز ٹرپ کر گئے، 110 فیڈرز بارش کی وجہ سے ٹیکنیکل فالٹ کاشکار ہوئے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔ پشاور میں آئندہ چوبیس گھنٹے تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد، بالائی پنجاب ، خطہ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خلیج بنگال سے ملک میں داخل ہونے والا مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ بیس سے بائیس جولائی کے درمیان سندھ میں اثر دکھائے گا، جس سے موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔

کراچی میں بیس جولائی کے بعد تیز بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ملک کے بیشترعلاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹے موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

Rain

Hot Weather

Pakistan Meteorological Department