مالک سے کالعدم تنظیم کے نام پر 3 کروڑ روپے بھتہ مانگنے والے دو ملازم گرفتار
اپنے ہی مالک کو کالعدم تنظیم کا کارندہ بن کر 3 کروڑ روپے بھتہ مانگنے والے دو ملزمان اور تاجر کو اغوا کرکے کروڑوں روپے تاوان مانگنے والے 3 ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔
لاہور پولیس نے تاجر سے تین کروڑ روپے بھتہ مانگنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کو فیکٹریا ایریا کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، ملزمان تاجر کاشف کے ملازم ہیں۔
ایس پی صدر وقار عظیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان نے کالعدم تنظیم کے خط کا فارمیٹ حاصل کیا اور اس کے ذریعے اپنے ہی مالک سے تین کروڑ روپے بھتے کی ڈیمانڈ کی۔
ایس پی وقار عظیم کے مطابق نامعلوم شخص نے کاشف نامی تاجر کے دفتر میں بھتے کی پرچی بھیجی، جس میں 3 کروڑ روپے کی رقم لکھی ہوئی تھی، جب کہ پرچی میں کالعدم تنظیم کا حوالہ بھی دیا گیا تھا۔
ایس پی نے بتایا کہ ملزمان نے مالک کو بھتہ نہ دینے کی صورت میں بچوں اور بھائیوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیں، اور دوبارہ انگلینڈ کے واٹس ایپ نمبر سے بھی دھمکیاں دیں اور کہا کہ پیسے دو ورنہ نتیجہ اچھا نہیں ہوگا۔
وقار عظیم نے مزید بتایا کہ گرین ٹائون اور قائداعظم تھانہ کی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ سے گرفتار کرلیا، اور پرچی اور دیگر سامان برآمد کرلیا، جب کہ مزید تفتیش کے لیے انوسٹی گیشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
تاجر کو اغوا کرکے کروڑوں روپے تاوان وصول کرنے والے ملزمان
دوسری جانب لاہور پولیس نے معروف بزنس مین کو اغوا کرکے کروڑوں روپے تاوان وصول کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایس ایس پی سی آئی اے ملک لیاقت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کا سرغنہ عبدالرحمان اور اس کے دو ساتھی طاہر ندیم اور محمد فیاض بھی گرفتار کرلئے گئے ہیں۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزمان نے چند روز پہلے ڈیوس روڈ سے ڈیفنس کے تاجر کو تاوان کے لیے اغوا کیا تھا، پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے تاوان میں دی جانے والی کروڑوں روپے کی رقم ، اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کرلئے اور تفتیش شروع کردی ہے۔
Comments are closed on this story.