Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستانی خاتون کا دوران پرواز غلطی سے بدل جانیوالا ہینڈ بیگ دوحہ سے واپس آگیا

بیگ ساتھی مسافر خاتون غلطی سے اپنے ساتھ لے گئی تھیں
شائع 14 جولائ 2023 03:24pm
دوحہ ائرپورٹ/فائل فوٹو
دوحہ ائرپورٹ/فائل فوٹو

دوحہ میں گم ہونے والا امریکی مسافرخاتون کا بیگ اسلام آباد ائرپورٹ پر ان کے نمائندے کو واپس کر دیا گیا۔

خاتون مسافر اسلام آباد سے شکاگو امریکا کے لیے قطر ایئرویز کی پرواز (کیو ار 633) میں سوار ہوئی تھی۔ دوحہ کی کنیکٹنگ فلائٹ میں اٹلی جانے والی ایک دوسری خاتون جہاز سے اترتے ہوئے غلطی سے پہلی خاتون مسافر کا بیگ لے گئی تھیں جس کی شکایت متاثرہ خاتون نے پہلے دوحہ اور پھر امریکا پہنچنے پر درج کروائی۔

جواب نہ ملنے پر خاتون نے امریکا سے اسلام آباد ایئرپورٹ حکام سے رابطہ کیا۔

خاتون نے بتایا کہ دوحہ میں گم ہونے والے بیگ میں 3100 امریکی ڈالرز سمیت تقریبا دس لاکھ روپے کا قیمتی سامان موجود تھا۔ پروازمیں ان کے ساتھ والی سیٹ پر ایک معمر خاتون بیٹھی تھیں جن کے پاس ان کے بیگ سے خاصی مماثلت رکھنے والا بیگ تھا۔خاتون نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ معمر خاتون غلطی سے ان کا بیگ لے جاسکتی ہیں کیونکہ وہ جہاز میں ان کے ساتھ بیٹھی تھیں۔

اسلام آباد ائرپورٹ نےاس شکایت کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ لگایا کہ دوسری معمر خاتون اسی پرواز پر اٹلی کے لئےسوار ہوئی تھیں۔

سول ایویشن ویجلنس حکام نے متعلقہ دفاتر سے اٹلی جانے والی خاتون سے متعلقہ معلومات اکٹھی کیں جس کے بعد ویجیلنس آفیسر رب نواز کی سربراہی میں ٹیم نے میلان میں دوسری خاتون مسافر سے رابطہ کیا جنہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ جلدی میں کیبن سے غلط سے بیگ اٹھالے گئی تھیں۔

تاہم خاتون نے پاکستان کی ویجلینس ٹیم کو بتایا کہ وہ اٹلی کی پرواز میں روانہ ہونے سے قبل مذکورہ بیگ ’دوحہ لوسٹ اینڈ فاؤنڈ کاؤنٹر‘ پر جمع کروا گئی تھیں۔

معلومات کے بعد اسلام آباد ائرپورٹ کے حکام نے قطر ائرویز کے ذریعے فوری طور پر دوحہ لوسٹ اینڈ فاؤنڈ کے دفتر سے رابطہ کیا جہاں خاتون کا کھو جانے والا بیگ موجود تھا۔

بعدازاں بیگ کو اسلام آباد ائرپورٹ پر امریکا میں خاتون مسافر کی طرف سے نامزد کردہ ایک شخص کے حوالے کر دیا گیا۔

انتظامیہ نے اس حوالے سے آفیسر رب نواز کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

اسلام آباد

doha

Women

HAND BAG