عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال وزیراعظم کے معاونین کے عہدے سے مستعفی
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال نے وزیراعظم کے معاونین کے عہدے سے استعفے دے دیے۔
عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال نے استعفے جہانگیرترین کو جمع کرادیے ہیں۔ استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عبدالعلیم خان نے دونوں رہنماؤں کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی تھی۔
یاد رہے کہ جہانگیر ترین کی سرپرستی میں گزشتہ دنوں استحکام پاکستان پارٹی تشکیل دی گئی تھی جس میں تحریک انصاف کے بیشتر رہنما شامل ہوگئے ہیں جبکہ جہانگیر ترین گروپ میں شامل رہنما تو شروع دن سے استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ ہیں۔
عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کے باوجود وزیراعظم کے معاونین کے عہدے اپنے پاس رکھے تھے تاہم اب پارٹی پالیسی کی وجہ سے انھیں مستعفی ہونا پڑ گیا ہے۔
علیم خان سے نعمان لنگڑیال اور امیر حیدر سنگھا کی ملاقات
دوسری جانب استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان سے پارٹی رہنما نعمان لنگڑیال اور امیر حیدر سنگھا نے ملاقات کی ہے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی سے نعمان لنگڑیال اور امیر حیدر سنگھا کی ملاقات میں مجوزہ منشور، انتخابی حکمت عملی اور دیگر امور پر مشاورت ہوئی۔
نعمان لنگڑیال اور امیرحیدر سنگھا نے پارٹی صدر کو اپنے اپنے اضلاع کے بارے میں بریفنگ دی۔
عبد العلیم خان نے دونوں رہنماوں کو اپنے علاقوں میں عوامی رابطے اور سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر علیم خان کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں منجھے ہوئے اور تجربہ کار سیاستدان شامل ہیں، ہمارے امیدوار ہر حلقے سے الیکشن میں حصہ لیں گے، زراعت اور کسان کی خوشحالی استحکام پاکستان پارٹی کے منشور کا اہم جزوہو گا۔ عام آدمی کو وعدوں اور دلاسوں کے علاوہ کچھ نہیں ملا، ہم عملی نتائج دیں گے۔
Comments are closed on this story.