Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

توشہ خانہ کیس: ’انصاف کی بنیاد پر ایک اور موقع دیا جائے‘ عمران خان کے وکیل کی استدعا

عدالت نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی
اپ ڈیٹ 17 جولائ 2023 01:17pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کےخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی

اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اورالیکشن کمیشن کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

سربراہ تحریک انصاف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ فاضل عدالت کا توشہ خانہ فوجداری کیس قابل سماعت قرار دینے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی عدم دستیابی پر سماعت نہیں ہوسکی۔

بیرسٹرگوہر نے عدالت سے استدعا کی کہ انصاف کی بنیاد پر ایک اور موقع دیا جائے جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے عمران خان کے حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیس کا گواہ اپنا کورٹ چھوڑ کر اسلام آباد میں موجود ہے۔

جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیے کہ کیس کو ہفتے کے روز سماعت کیلئے مقرر کررہا ہوں، جس پرعمران خان کے وکیل نے کہا کہ پیر والے روز ہو جائے تو بہتر ہوگا، اس موقع پر الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے مخالفت کی۔

امجد پرویز نے اپنے دلائل میں کہا کہ پاکستان کی کریمنل قانونی تاریخ کا سب سے بڑا کیس ہے، جب سے کیس شروع ہوا، ملزم پیش ہی نہیں ہوا۔

جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہفتے کے روز دلائل دے گا، ملزم کے وکلاء پیر کے روز دلائل دیں، جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت ہفتے کے روز تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

یاد رہے کہ عدالت نے 2 گواہوں کو آج بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کیا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی پرتوشہ خانہ کیس میں پہلے ہی فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔

گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں دائر درخواست کا فیصلہ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

گزشتہ روز سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کی تھی لیکن چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش نہ ہوئے تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے 2 روز کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ 8 اپریل کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

جج کے ملزم سے متعلق استفسار کرنے پر وکیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کی استثنیٰ کی درخواست کا بتایا۔

جج ہمایوں دلاورنے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ آپ کریمینل وکیل ہیں، 7 ماہ سے کیس التواء کا شکار ہے ، کبھی ایسا دیکھا 7 ماہ سے کیس چل رہا اور ملزم ایک بار صرف عدالت آیا ہو؟

عدالت نے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں دائر درخواست کا فیصلہ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ عمران خان نے سیشن عدالت کے توشہ خانہ فوجداری کیس قابل سماعت قرار دینے کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، بدھ کو جج کی طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے سماعت نہیں ہوسکی تھی۔

imran khan

tosha khana case

MAY 9 RIOTS