Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ژوب میں کلیئرنس آپریشن مکمل، شہید جوانوں کی تعداد 9 ہوگئی

آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 12 جولائ 2023 11:06pm
Big success for Pakistan army in Zhob Balochistan - Aaj News
Big success for Pakistan army in Zhob Balochistan - Aaj News

بلوچستان کے ضلع ژوب میں امن دشمنوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا، دہشت گردوں کے حملے کے شہید جوانوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ 5 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کے ایک گروپ نے علی الصبح شمالی بلوچستان میں ژوب گیریژن پر حملہ کیا اور تنصیبات میں گھسنے کی کوشش کی جسے جو ڈیوٹی پر مامور فوجیوں نے ناکام بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ابتداء میں پاک فوج کے 4 جوان شہید اور 5 زخمی ہوئے جبکہ بھاری ہتھیاروں سے لیس 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بعد میں ژوب گیریژن میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا جسے اب مکمل کر لیا گیا ہے۔

ابتدائی لڑائی کے دوران 5 جوان جو بہادری سے لڑتے ہوئے پہلے شدید زخمی ہوئے تھے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جس کے بعد شہید جوانوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قوم دشمن کی ہر سازش ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، بلوچستان سمیت پورے پاکستان کا امن خراب کرنےکی اجازت کسی کونہیں دیں گے۔

وزیراعظم کی ژوب گیریژن پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں ژوب گیریژن پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ آج ژوب گیریژن پر حملے میں 5 سیکیورٹی اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کیا، اس حملے میں کئی اہلکار زخمی ہوئے، پاکستان کا دفاع اور سلامتی ہمارے شہداء کے مقدس خون اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ قوم کے مستقبل کی جنگ ہے، پہلے بھی بہادر افواج اور قوم نے مل کر دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا اور آئندہ بھی اس عفريت کو جَڑ سے اکھاڑنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس ملک کا تحفظ ہمارا مشن بھی ہے اور ہماری ذمہ داری بھی، ملک کا تحفظ ہمیں اپنی جان سے بڑھ کر عزیز ہے، میری دعائیں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی ان مقدس ارواح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دیں اور زخمیوں کو صحت یابی عطا فرمائے۔ امین

جوانوں نے قربانی دیکر بڑی تباہی سے بچایا، وزیر داخلہ کی دہشت گرد حملے کی مذمت

ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ژوب میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں نے قربانی دےکر بڑی تباہی سے بچایا، آپریشن جب کہ تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کے لئے دعا گو ہوں، جوانوں کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، قوم شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

آصف زرداری کی ژوب کینٹ میں دہشتگردوں کے حملے کی مذمت

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی ژوب کینٹ میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ایک بیان میں آصف علی زرداری نے شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد، ان کے منصوبہ ساز اور سہولت کار ناقابل معافی ہیں، قوم اپنے بہادر بیٹوں کے قاتلوں کونشانہ عبرت بنائے گی، وطن دشمن دہشت گردوں کا خاتمہ ہو کر رہے گا۔

گورنرسندھ نے بھی دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور کہا کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے حوصلہ پست نہیں کرسکتے، قوم دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج کے ساتھ ہے۔

ISPR

بلوچستان

terrorist attack