Aaj News

پیر, جنوری 13, 2025  
12 Rajab 1446  

پاکستان اب گاڑیوں کے پرزے دوسرے ممالک کو برآمد کرے گا

برآمدات کی پہلی کھیپ بھیج دی گئی
اپ ڈیٹ 12 جولائ 2023 06:18pm

پاکستان میں ٹویوٹا برانڈ کی گاڑیاں تیار رنے والی انڈس موٹر کمپنی نے ٹویوٹا مصر کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت کمپنی مصر کو برآمدات کرے گی۔

انڈس موٹرز کے چیف ایگزیکٹیو علی اصغر جمالی نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ ’ہم نے اس ماہ اپنی پہلی کھیپ پہلے ہی بھیج چکے ہیں‘۔

جمالی نے کہا کہ اگرچہ یہ ایک اہم پیشرفت ہے، لیکن اسے مشکلات سے نبردآزما صنعت کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھنا جلد بازی ہوگی۔

انڈس موٹر کے مطابق کمپنی سیمی پروسسٹڈ خام مال مصر کو برآمد کر رہی ہے۔

علی اصغر جمالی نے کہا، ’اس وقت یہ ایک چھوٹا قدم ہے۔ فی الحال، ہمارے پاس ملک میں خام مال کی کمی ہے۔ جو ہمیں بڑی مقدار میں برآمدات سے روکے گی۔ لیکن میں پر امید ہوں۔‘

سی ای او نے کہا کہ کمپنی (پروڈکشن کا) صرف ایک مخصوص حصہ مصر کو برآمد کرے گی۔ ’اگر ان کا اعتماد پیدا ہوتا ہے، تو ہم سے مزید پرزے برآمد کرنے کے لیے کہا جا سکتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر ہم ایک پارٹ کو کئی منڈیوں میں برآمد کرنے کا انتظام کر لیتے ہیں، تو اس سے ہماری برآمدات میں اضافہ ہو گا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں امید ہے دوسرے مینوفیکچررز کو بھی اعتماد ملے گا اور وہ بھی برآمدات کے راستے تلاش کریں گے‘۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان کا آٹو سیکٹر، اپنی اسمبلنگ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے درآمدات پر بہت زیادہ انحصار کررہا ہے، اور لیٹرز آف کریڈٹ (LCs) کے اجراء میں رکاوٹوں کی وجہ سے دباؤ میں ہے۔ یہ رکاوٹ پاکستان کے زرمبادلہ کے کم ذخائر کی وجہ سے ہے جس نے درآمدی پابندیوں کو جنم دیا ہے۔

حالانکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پابندیاں ہٹا دی ہیں، لیکن حالات معمول پر آنے میں کچھ وقت لگے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ روپے کی تیزی سے گرتی ہوئی قیمت نے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، جبکہ مہنگائی نے پاکستان کی کلیدی شرح سود کو بھی ریکارڈ بلندی پر پہنچا دیا ہے، جس سے خریداروں کو فنانسنگ کی حوصلہ شکنی ہوئی۔

اس کے جواب میں، آٹو سیکٹر کے تقریباً تمام کھلاڑی پلانٹ بند کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔

وضاحت: ترجمے کی غلطی کے سبب اس خبر کی سرخی میں پہلے گاڑیوں کی برآمد کے الفاظ شامل ہو گئے تھے۔ ادارہ معذرت خواہ ہے۔

Toyota

Indus Motors

Car Export