Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کے پی ٹی میں گریڈ 18 کے افسر کے قتل کا معمہ حل، بیٹی قاتل نکلی

عتیق الرحمان میمن کو بیٹی نے تیز دھارآلے کے وار سے قتل کیا، پولیس
اپ ڈیٹ 11 جولائ 2023 10:59pm

پولیس نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے گریڈ 18 کے افسر کے قتل میں ملوث بیٹی کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے۔

گزشتہ روز کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) میں گریڈ 18 کے افسر عتیق الرحمان میمن کو قتل کردیا گیا تھا، اور پولیس نے چند گھنٹوں میں قتل کا معمہ حل کرلیا اور قاتل بیٹی حبا کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق عتیق الرحمان میمن کے پی ٹی میں گریڈ 18 کے افسر اور ایکٹنگ مینجر تھے، اور لالہ زار میں سرکاری فلیٹ میں رہائش پذیر تھے، مقتول نے دو شادیاں کررکھی تھیں، جن میں سے دوسری اہلیہ کے بچے اور پہلی متوفیہ بیوی کے تین بچے بھی ساتھ رہائش پذیر تھے۔

پولیس نے بتایا کہ گزشتہ رات مقتول کی پہلی متوفیہ کے بچوں اور دوسری بیوی کے بچوں کے درمیان گھر میں لڑائی جھگڑا ہوا تھا، اسی دوران عتیق الرحمان کو گردن کی بائیں جانب تیز دھار آلہ لگا، اور وہ جاں بحق ہوگئے، لاش کو کے پی ٹی اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول کو ان کی بیٹی حبا نے تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیا، جس کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور جائے وقوعہ سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ نمبر 336/23 میں قتل کی دفعہ شامل کی گئی ہیں۔

مقتول کے بھائی نے بیان دیا ہے کہ میرے بڑے بھائی عتیق الرحمان لالہ زار کے رہائشی ہیں، میرے بھائی کو بھتیجی نے تیز دھار آلے سے شدید زخمی کیا تھا، دوران علاج میرے بھائی زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، میرا دعوی ہے کہ دوران جھگڑا میری بھتیجی حبا نے وار کرکے میرے بھائی کو قتل کیا ہے۔

قتل حادثاتی معلوم ہوتا ہے

پولیس حکام کا کہنا کہ ملزمہ حبا کو گرفتار کرکے وومن تھانے منتقل کردیا گیا ہے، جہاں کیس سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔ اور ابتدائی طور پر بیٹی کے ہاتھوں باپ کا قتل حادثاتی معلوم ہوتا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ 27 سالہ حبا کا اپنے والد عتیق الرحمان سے جھگڑا ہوا تھا، والد نے بیٹی پر تشدد کیا تو بیٹی نے قریب رکھی کچن نائف (چھری) سے دفاع کی کوشش کی، اس دوران عتیق الرحمان کو گردن کے قریب ایک گہرا زخم آیا، اور اسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی عتیق الرحمان میمن جان کی بازی ہار گئے، اور ڈاکٹرز کے مطابق مقتول کو 8 انچ گہرا زخمی لگا جو وجہ موت بنا۔

مقتول عتیق الرحمان کے پڑوسی نے بھی تصدیق کی ہے کہ مقتول گھر میں اکثر بچوں سے ڈانٹ ڈپٹ اور جھگڑا کرتا تھا۔

مقتول عتیق الرحمان کے بھائی انیس الرحمان نے اپنی بھتیجی حبا کو پولیس کے سامنے پیش پیش کیا، جس پر پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔ حکام کا کہناہے کہ پولیس نے قتل کی دفعات کے تحت مقتول کے بھائی انیس الرحمان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے اور گرفتار ملزمہ کو وومین پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے، صبح ملزمہ کو عدالت پیش کرکے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

killing in karachi

Grade 18 officers in KPT