Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عید کے تیسرے روز ساڑھے 4 سالہ بچے کے اغوا کا ڈراپ سین

واقعہ کی تحقیقات میں 830 کیمروں کی فوٹیج دیکھی گئی، ڈی آئی جی آپریشن
شائع 09 جولائ 2023 08:03pm

لاہور کے علاقے جنوبی چھاونی سےساڑھے چار سالہ بچے کے اغوا کا ڈراپ سین ہوگیا، اور پولیس نے بچے کو اسلام آباد سے بازیاب کرالیا ہے۔

لاہور کے علاقے جنوبی چھاونی میں عید کے تیسرے روز واقعہ پیش آیا تھا جہاں ساڑھے چار سالہ محمد یوسف کو نامعلوم خاتون نے اغوا کرلیا تھا۔

اغوا کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی جس میں نقاب اوڑھے نامعلوم خاتون کو 2:30 بجے بچے کو لیجاتے ہوئے دیکھا گیا۔

پولیس کے مطابق بچہ آخری بار ماموں کے ساتھ باہر گیا تھا، جب کہ بچے کی والدہ کی کچھ عرصہ قبل طلاق ہوچکی تھی، پولیس نے تمام زاویوں سے تحقیقات کرتے ہوئے 8 روز بعد بچے کو اسلام اباد سے بازیاب کروا لیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اغوا کار خاتون کا ذہنی توازن درست نہیں، اور وہ بچے کو لاہور سے اغوا کرکے اسلام اباد لے گئی تھی، تاہم زینب ایپ کے ذریعے اطلاع پر اغوا کار خاتون سے بچے کو بازیاب کروالیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشن ناصر علی رضوی نے بچے کی بازیابی کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات میں 830 کیمروں کی فوٹیج دیکھی گئی،11 دن کی شب و روز انٹیلیجنس معلومات لی گئیں، جیل میں بند قیدیوں سے بھی معلومات لی گئیں۔

ڈی آئی جی آپریشن نے بتایا کہ بچے کی ویڈیو کیمرے میں ملی، خاتون ایک اسپیڈو بس میں چڑھی اور گارڈ سے بات کی، خاتون مینٹل اسپتال بھی گئی، کیمرے کی ویڈیو ایک جولائی کی تھی، مینٹل اسپتال میں خاتون نے اپنی چادر اتاری، اس وقت تک 400 سے زائد کیمرے دیکھ چکے تھے۔