Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

جہلم: عمارت کی بیسمنٹ میں سلنڈر دھماکے کا مقدمہ درج

جی ٹی روڈ پر قائم ہوٹل کے کچن میں سلنڈر پھٹنے سے دھماکا ہوا تھا
اپ ڈیٹ 10 جولائ 2023 03:40pm

جہلم میں واقع ہوٹل میں گیس سلنڈر دھماکے کا مقدمہ متوفی قیصر اور اس کے والد سکندر کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی قیصر گیس ریفلنگ کی دکان کا مالک تھا۔

سلنڈر دھماکے کے بعد رات گئے ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت کے بیسمنٹ میں گیس کے 22 سلنڈر موجود تھے، جن میں سے پانچ ایل پی جی سے بھرے ہوئے تھے۔

حکام نے بتایا کہ گیس ریفلنگ کےدوران دکان مالک سگریٹ پی رہا تھا جس کے باعث دھماکا ہوا۔

واضح رہے کہ جہلم میں سلنڈر دھماکے سے جی ٹی روڈ پر قائم ہوٹل کی تین منزلہ عمارت منہدم ہو گئی، ملبے سے ایک اور لاش برآمد ہونے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی، جب کہ 10 افراد زخمی ہیں۔

ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دھماکا ہوٹل کی بیسمنٹ میں قائم ایل پی جی شاپ میں ہوا ہے۔ دھماکے کے باعث ہوٹل کی تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی، جس کے ملبے تلے 25 افراد دب گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے سے اب تک 6 لاشیں اور 15 زخمیوں کو نکالا گیا ہے. جبکہ ملبے سے ایک اور لاش برآمد ہونے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی۔

جاں بحق افراد میں تنویر، محمد افضل، یاسر، دلاور اور منیر حسین شامل ہیں۔ جبکہ زخمیوں میں زریاب، دانیال، یاسر، جاوید، عبد الشکور، رضا حسین، توصیف خالد، ظفر اقبال قریشی، عمران اور ظفر اقبال شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی انچارج رانا خالد کے مطابق اب بھی کچھ افراد ملبے تلے موجود ہیں جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ہیوی مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹایا جارہا ہے۔

امدادی ٹیموں کے ساتھ مقامی افراد بھی ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لئے کوششوں میں مصروف ہیں۔

ہوٹل میں دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد قریبی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کرلی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلنڈر دھماکے سے ہوٹل میں آگ بھڑکی اور عمارت منہدم ہوگئی۔

Punjab police

Cylinder blast

rescue 1122