Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ایم کیو ایم کا پیپلز پارٹی دور حکومت کے مکمل کردہ منصوبوں کی تحقیقات کا مطالبہ

مصطفٰی کمال کے دور میں کراچی تیزی سے ترقی کر رہا تھا، ترجمان ایم کیوایم
شائع 08 جولائ 2023 11:22pm

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مکمل کردہ منصوبوں کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے پیپلزپارٹی کے رہنما وقار مہدی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی رہنما دنیا کے 3 کامیاب ترین میئرز میں سے ایک پر کس منہ سے تنقید کررہی ہے ، ایک طرف 15 سالہ تباہی تو دوسری جانب 4 سالہ ترقی و خوشحالی ہے، مصطفٰی کمال کے دور میں کراچی تیزی سے ترقی کر رہا تھا۔

ترجمان ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ اس دور کے ترقی یافتہ کراچی نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا تھا، بدقسمتی سے 2008 کے بعد ایک نام نہاد جاگیردارانہ و سرمایہ دارانہ جمہوری دور شروع ہوا۔ 2008 کے بعد سے شروع ہونے والے اس وڈیرہ شاہی دور کی تباہ کاریاں آج تک جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیوڈل مائنڈ سیٹ نے پھر سے سامراجی دور کا بلدیاتی نظام نافذ کرکے عوامی نمائندوں کے تمام اختیارات اور وسائل سلب کرلیے، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے اربوں روپے کے منصوبے صرف فائلوں کی حد تک مکمل کیے۔

ایم کیو ایم ترجمان نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی دور میں مکمل کیے گئے تمام نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کی شفاف انکوائری کی جانی چاہیئے، سندھ میں گزشتہ 15 برسوں میں کرپشن تمام حکومتی اداروں کو دیمک کی طرح چاٹ گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے ہی نافذ کردہ کوٹہ سسٹم اور اختیارات اور وسائل کی تقسیم کے نظام کو عملا ترک کرکے سندھ کو یک لسانی صوبہ بنا دیا ہے، کورنگی سے اورنگی اور گلشن حدید سے کیماڑی تک ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی تباہی اور بربادی کی تصویر بنا ہوا ہے۔

karachi

MQM Pakistan

Pakistan People's Party (PPP)

Waqar Mehdi

MQM Pakistan Vs PPP