Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مادرِ ملت فاطمہ جناح نے زندگی کے 17 سال کس گھر میں گزارے

آج مادرِ ملت کا آج یوم وفات منایا جارہا ہے۔
شائع 09 جولائ 2023 08:22am

پاکستان کی عظیم خاتون رہنماء مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قومی خدمات کی کہیں نظیر نہیں ملتی، انہوں نے اپنے بھائی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ وطن عزیزاور پاکستانی قوم کے لئے اپنی زندگی وقف کردی تھی، آج ان کا 56واں یوم وفات منایا جارہا ہے۔

عظیم قائد کی عظیم بہن محترمہ فاطمہ جناح ہیں، جنہیں قومی خدمات پر ”مادرِ ملت“ یعنی قوم کی ماں کا لقب دیا گیا۔

محترمہ فاطمہ جناح نے کراچی میں قائم قائد اعظم ہاؤس میں اپنی زندگی کے 17 برس گزارے، یہ جگہ ماضی میں فلیگ اسٹاف ہاؤس کہلاتی تھی۔

قائد اعظم محمد علی جناح 1944 سے تا وفات اسی میں رہائش پذیر رہے، جبکہ ان کی ہمشیرہ فاطمہ جناح یہاں 1964 تک رہائش پذیر رہیں۔ یہ عمارت حکومت پاکستان نے 1985ء میں اپنی تحویل میں لے لی۔

محترمہ فاطمہ جناح نے سابق صدر جنرل (ر) ایوب خان کے خلاف اسی عمارت سے الیکشن لڑا، ان کا انتخابی نشان لالٹین اب بھی یہاں محفوظ ہے۔

ان کے ڈریسنگ روم میں آج بھی محترمہ کے زیر استعمال پرفیوم اور بیڈ روم میں ان کی چپل اور دیگرسامان بھی موجود ہے۔ جن گاڑیوں میں انہوں نے سفر کیا وہ بھی اس میوزیم میں محفوظ کی گئی ہیں۔

قائد اعظم ہاؤس میوزیم بورڈ آف میجمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف نیشن بلڈنگ کے سیکریٹری جنرل کموڈور ریٹائر صدید ملک نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے سابق صدر جنرل (ر) ایوب خان کے خلاف اسی عمارت سے الیکشن لڑا، جبکہ خواتین کے لئے سماجی خدمات کا آغاز بھی اسی عمارت سے کیا گیا۔

محترمہ فاطمہ جناح نے سیاسی خدمات کے ساتھ ساتھ سماجی و فلاحی کاموں کے لیے خود کو وقف کیے رکھا۔ آپ کی کوششوں سے کراچی میں آپ کے نام خاتون پاکستان اسکول کی بنیاد رکھی گئی، جو 1963 میں کالج بنا۔

تقسیمِ ہند اور اقتدار کی منتقلی کے دوران انہوں نے خواتین کی امدادی کمیٹی بنائی جس نے بعد میں آل پاکستان ویمنز ایسوسی ایشن (اپوا) کی شکل اختیار کرلی۔ طویل جد وجہد پاکستان کے لیے سب کچھ قربان کر دینے والی فاطمہ جناح 9 جولائی 1967 کو اس دار فانی سے کوچ کر گئیں۔

Muhammad Ali Jinnah

AYUB KHAN

Fatima Jinnah

Quaid e Azam House

Madr e Millat