Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

تاوان نہ دینے پر کچے کے ڈاکوؤں نے ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کردیا

دو ہفتوں میں 3 مغوی قتل، پولیس والے بھی اغوا ہوگئے۔
اپ ڈیٹ 08 جولائ 2023 09:28pm

رحیم یار خان میں دو کروڑ روپے تاوان کی عدم ادائیگی پر کچے کے ڈاکوؤں نے ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کر دیا۔

پانچ بچوں کے باپ مقتول ٹیکسی ڈرائیور ارشد محمود کی بہن سے اغوا کار ڈاکو کی تاوان کرنے کی آڈیو بھی سامنے آگئی۔

آڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ مقتول ٹیکسی ڈرائیور کی بہن اغوا کار ڈاکو سے بھائی کی زندگی کی بھیک مانگتی رہی، التجاء کرتی رہی۔

مقتول کی بہن نے ڈاکوؤں کو بتایا کہ وہ پانچ گھروں میں کام کرکے بچوں کا پیٹ پالتی ہے، ارشد کو چھڑانے کے لیے اس کے پاس کوئی رقم نہیں ہے، لیکن ڈاکوؤں نے ایک نہ سنی۔

پولیس کے مطابق مقتول ٹیکسی ڈرائیور کو 15 روز قبل سستی کار کی فروخت کا جھانسہ دے کر سندھ کے شہر اوباڑو سے اغواء کیا گیا تھا، اور 29 جون کو تاوان نہ دینے پر قتل کر دیا گیا۔

ٹیکسی ڈرائیور کی لاش چند روز قبل سندھ پنجاب کے سرحدی علاقے ماچھکہ سے ملی۔ مقتول ٹیکسی ڈرائیور ارشد محمود کی لاش ملی تو اسے کتوں نے بھنبھوڑا ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ٹیکسی ڈرائیور کی لاش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق 2 ہفتوں کے دوران ڈاکو تاوان نہ دینے پر تین مغوی شہریوں کو قتل کرچکے ہیں۔

ڈاکوؤں کی ہمت اتنی بڑھ گئی ہے کہ کندھکوٹ میں آج ڈاکوؤں نے ایس ایچ او سمیت 3 پولیس اہلکاروں کو ہی اغوا کرلیا۔

ڈاکوؤں نے ایس ایچ او گل محمد مھر کے بھائی ڈاکٹر وہاب کو فون کرکے اغوا کی تصدیق کی جبکہ ایس ایچ او اور دو اہلکاروں کی بازیابی کے لیے ایک کروڑ تاون طلب کیا۔

جو پولیس افسر اور اہلکار اغوا کیے گئے تھے وہ اس پولیس ٹیم کا حصہ تھے جو کچے میں مغوی فرحان سومرو کی بازیابی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

مقتول کے بھائی نے کہا کہ اغواء کے معاملے پرریس کورس پولیس ٹال مٹول سے کام لیتی رہی، درخواست کے باوجود پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔

بھائی نے کہا کہ تھانہ ریس کورس پولیس نے کہا کہ افسران کا حکم ہے، پولیس نے کہا جہاں اغواء ہوا وہیں مقدمہ درج کروائیں۔

بھائی نے بتایا کہ اغواء کاروں نے سستی گاڑی کا جھانسہ دے کر اغواء کیا، ارشد کے جیب میں گاڑی کے 5 لاکھ بھی موجود تھے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا کہ یہ شخص صادق آباد کے علاقے میں قتل ہوا، ٹیکسی ڈرائیور کے لاپتہ ہونے پرورثاء کو بتا دیا تھا، ورثاء سے کہا کہ صادق آباد پولیس سے رابطہ کریں۔

مزید کہا کہ اغواء اور قتل راولپنڈی کی حدود میں نہیں ہوا، ارشد کے قتل کے حوالے سے کوئی کارروائی نہیں ہو سکتی۔

Kacha Area

Taxi Driver Murder