Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بھلوال: مسافر وین میں آتشزدگی سے 7 افراد جاں بحق اور 14 زخمی، آگ سی این جی لیک ہونے سے لگی

ہیڈ کانسٹیبل شاہد صفدر نے جرات کا مظاہر ہ کرکے وین سے لوگوں کو باہر نکالا، زخمی مسافر
اپ ڈیٹ 08 جولائ 2023 04:46pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

پنجاب کے شہر بھلوال میں چلتی مسافر وین میں آگ بھڑکنے سے 7 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے، سول ڈیفنس ماہرین نے بتایا ہے کہ آگ سی این جی لیک ہونے کی وجہ سے لگی۔

مسافر وین 21 مسافروں کو لیکر بھلوال سے کوٹ مومن روانہ ہوئی جب کوٹ مومن روڈ پر کامرس کالج کے قریب پہنچی تو اس میں سے گیس لیک ہونا شروع ہوگئی جس کے بعد اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

وین کے سامنے والی نشستوں پر سوار مسافروں نے باہر نکل کر جان بچائی لیکن وین کے پچھلے حصے میں موجود خواتین اور بچے باہر نہیں نکل سکے۔

مسافر وین میں سوار پولیس ہیڈ کانسٹیبل شاہد صفدر نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہاں اپنی جان بچائی وہیں بھڑکتے شعلوں کے باجود مسافروں کو باہر نکال کر کئی مسافروں کو جھلسنے سے بچا لیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس حکام موقع پر پہنچے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال بھلوال منتقل کیا گیا۔ دو زخمیوں کو تشسویشناک حالت کے پیش نظر سرگودھا ریفر کیا گیا۔

آگ میں جھلسنے کی وجہ سے ساتوں مسافر بری طرح جل گئے، مسافروں کے لواحقین نے بتایا کہ جھلس کر جاں بحق ہونے والوں میں سمیعہ گل، طیبہ خالد، عائشہ خالد اور کلثوم اختر شامل ہیں۔

زخمیوں میں محمد فیروز، نذیراں بی بی، نجمہ بی بی (تعلق کوٹ مومن)، محمد علی اور سویرا (تعلق بھلوال) جبکہ محمد ارحام اور صفہ سرفراز اسلام آباد کے رہائشی ہیں۔

مسافروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہیڈ کانسٹیبل شاہد صفدر نے جرات کا مظاہر ہ کرکے مسافروں کو باہر نکالا جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔

دوسری طرف سول ڈیفنس ماہرین نے بتایا ہے کہ آگ سی این جی لیک ہونے کے باعث ہی لگی۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سی این جی سیلنڈر کے استعمال کو روکنے کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔

Punjab police

rescue 1122

punjab hospital