Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

انیمیٹڈ فلم اللہ یار، بچوں اور بڑوں کے لیے سبق حاصل کرنے موقع

فلم عید الااضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی گئی ہے
اپ ڈیٹ 08 جولائ 2023 01:11am
Animated film Allahyar, a chance to learn lessons for children and adults - Aaj News

پاکستانی انیمیٹڈ فلم اللہ یار اینڈ دی ہنڈرڈ فلاورز آف گاڈ کی رنگا رنگ خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں شوبز ستاروں نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔

پاکستان کی پہلی اینیمیٹڈ فیچر فلم اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور کے سیکوئل اللہ یار اینڈ دی ہنڈرڈ فلاورز آف گاڈ کو عید الااضحی کے موقع پر سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا ہے۔

فلم کے ہدایتکارعزیر ظہیر کا کہناتھا کہ زیادہ تر انیمیٹد فلمیں باہر سے آتی ہیں ہمیں اپنے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ جو ہمارے بچے دیکھیں گے وہ وہی سیکھیں گے اور ہمیں اپنے بچوں کو اپنی کہانیاں سنانی ہے اپنے کلچر کے بارے میں بتانا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی انیمیٹڈ تھری ڈی فلم بنانے میں جہاں وقت اور محنت زیادہ لگتی ہے وہیں بجٹ بھی بڑھ جاتا ہے شاید اسی لیے ہر ہدایتکار اتنی ہمت نہیں کرتا ہے ۔

اینیمیڈڈ فلم کو مکمل طور پر پاکستان میں تیار کیا گیا، یہ پاکستان کی پہلی 3ڈی اسٹیریوسکوپک فلم بھی ہے۔

اینی میشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے عمران اظہر کہتے ہیں کہ پاکستان میں انیمیٹڈ فلم کا مستقبل آسان نہیں ہے پہلے ہی ہمارے پاس سینما گھروں کی قلت ہے اور جب تک اس طرح کی پاکستانی فلم کامیاب بزنس نہیں کرے گی تو فلم ساز اور پروڈیسرز کیلئے انیمیٹڈ فلمیں بنانا مشکل ہوگا ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں منفرد سوچ لانی ہوگی اور سوچنا ہوگا کہ ہم اتنی محنت سے بنائی گئی فلموں کو کہاں کہاں بیچ سکتے ہیں ۔ فلم میں مختلف کریکٹرز کو پاکستان کے معروف فنکار ہمایوں سعید ، اقرا عزیز ، علی ظفر ، میرا جی ، بشریٰ انصاری ، اظفر جعفری نے اپنی آواز دی۔

اقراعزیز کہتی ہیں کہ انیمیٹڈ فلم نہ بچے بلکہ بڑے بھی دیکھتے ہیں، انہیں بنانے میں بہت محنت لگتی ہے اور ٹیکنالوجی کا بہت کام ہوتا ہے ۔

وائس اورز دینے کے تجربے کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ ہماری ریکارڈنگ 3 سال سے پہلے ہوگئی تھی، ایکٹنگ کے بنسبت وائس اوور کرنا زیادہ مشکل ہے میرے کچھ سینز پہلے سے اینیمیٹ ہوگئے تھے تو مجھے تھوڑی آسانی ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ اینی میٹڈ فلمیں پوری دنیا میں بہت زیادہ دیکھی جاتی ہیں لیکن ہماری مارکیٹ بھی بہت بڑی ہے لیکن ہمارے پاس ایسی فلمیں بنتی بہت کم ہیں کیونکہ اس کا اسکوپ کم سمجھا جاتا ہے ۔

فلم میں جہاں بچوں کے لیے سبق ہے وہیں ان کے والدین بھی اس سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

فلم کی کہانی پاکستان کے شمالی علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان لڑکے اللہ یار کے کردار پر مبنی ہے جو اپنے دوست ہیرو کے ساتھ اپنے والد کو درخت کاٹنے والے روبوٹ سے بچانے کے لیے ایک نئی دنیا کا سفر کرتا ہے۔

فلم میں نہ صرف یہ بتایا گیا ہے کہ درختوں کو کاٹنے سے کیا نقصان ہوتا ہے بلکہ ماحولیات کے حوالے سے بھی آگاہی دی گئی ہے۔

ہدایتکار کا کہنا تھا کہ فیملی فلم ہے جو اردو میں ہے جس میں مزاح اور ایکشن بھی ہے، ہم جو پیغام دینا چاہ رہے تھے بڑی مشکلوں کے ساتھ لیکن الحمداللہ ہم نے وہ مقصد حاصل کرلیا ہے ۔

شائقین کا کہنا تھا کہ اگر آپ کچھ مختلف پیش کریں گے تو لوگ دلچسپی لینگے، فلم بینوں کا کہنا تھا کہ اینی میشن کے ساتھ ساتھ فلم میں بہترین وائس اورز کا استعمال کیا گیا ہے ۔

اس کہانی کے دیگر نمایاں موضوعات میں سماجی عدم مساوات اور ناانصافی کے ساتھ ساتھ اتحاد میں مضبوطی اور دوستی کی قدر نمایاں ہیں۔

Allah Yaar 100 followers