Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

تنخواہوں میں اضافے پرعملدرآمد شروع، کن ملازمین کو ایڈہاک ریلیف الاؤنس نہیں ملے گا؟

وفاقی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا
شائع 05 جولائ 2023 10:41am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکومت پاکستان نے تمام وفاقی سرکاری ملازمین کو 35 فیصد تک دیے گئے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2023 کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

فنانس ڈویژن کے مطابق صدر مملکت نے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2023 کے یکم جولائی 2023 سے نافذ العمل ہونے کی منظوری دیدی ہے۔

اگلے احکامات تک وفاقی حکومت کے تمام ملازمین یعنی آرمڈ فورسز پرسنل، سول آرمڈ فورسز اور وفاقی حکومت کے سول ملازمین کو ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2023 جاری کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ملازمین کو چھٹی اور ایل پی آر کے دوران بھی یہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس ملے گا البتہ غیر معمولی رخصت پر یہ الاؤنس نہیں ملے گا۔

یہ الاؤنس ان عام شہریوں کو ادا کیا جاتا ہے جنہیں دفاعی اخراجات سے ادائیگی کی جاتی ہو، جیسے کہ عارضی تنخواہ دار عملہ اور کنٹریکٹ ملازمین جو کہ کنٹریکٹ تقرری کی معیاری شرائط و ضوابط پر بنیادی تنخواہ کے پیمانے پر سول پوسٹوں پر ملازم ہوں۔

گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کو 30 جون 2023 سے بنیادی تنخواہ کا 35 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس ملے گا، جبکہ گریڈ 17 سے 22 والوں کو 30 جون 2023 سے بنیادی تنخواہ کا 30 فیصد ملے گا۔

حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس کی مد میں 23 سے 35 فیصد اضافہ کیا، اردلی الاؤنس، معذور افراد کیلئے کنوینس الاؤنس، ڈیپوٹیشن الاؤنس،ایڈیشنل چارج الاؤنس اور اسپیشل پے، کرنٹ چارج الاؤنس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ معذور افراد کے کنوینس الاؤنس میں سو فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور اردلی الاؤنس ساڑھے 17 ہزار روپے سے 25 ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔

معذورافرادکا کنوینس الاؤنس 2000 روپے سے 4000 روپے کردیاگیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، ملازمین کو ملنے والی پنشن کی کیلکولیشن،گریجوایٹی اور ہاؤس رینٹ کیلئے یہ الاؤنس شمار نہیں ہوسکے گا۔

ملازمین کی ڈیپوٹیشن پر بیرون ملک تعیناتی کے دوران بھی یہ الاؤنس نہیں ملے گا ، واپسی پر محکموں میں تقرری پر الاؤنس ملنا شروع ہوجائے گا، ایڈہاک ریلیف الاؤنس ملازمین کی پرسنل پے میں شامل ہوگا۔

Government Employees Salary Increment

Federal govt employees

Ad hoc Relief Allowance 2023