Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

کنزیومرایسوسی ایشن کا کل سے دودھ بائیکاٹ مہم کا اعلان

ڈیری فارمرز نے من مانا اضافہ کرکے حکومتی رٹ کو چیلنج کیا، کنزیومرایسوسی ایشن
شائع 04 جولائ 2023 07:47pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

کمشنر کراچی اقبال میمن نے شہر میں دودھ 180 روپے فی لیٹر فروخت کرنے کے احکامات جاری کررکھے ہیں جب کہ دودھ فروش 230 فی لیٹر دودھ فروخت کررہے ہیں۔

کراچی میں دودھ فروشوں کی من مانیوں پر کنزیومر ایسوسی ایشن بھی میدان میں آگئی ہے، اور کل سے شہر میں دودھ بائیکاٹ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دودھ کا سرکاری نرخ 180 روپے فی لیٹر مقرر ہے، لیکن ڈیری ایسوسی ایشن نے مزید 20 روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا ہے، ڈیری فارمرز نے من مانا اضافہ کرکے حکومتی رٹ کو چیلنج کیا ہے۔

چیئرمین ایسوسی ایشن نے کہا کہ دودھ فروش 180 روپے سرکاری ریٹ کے بجائے 230 روپے فی لیٹر دودھ فروخت کیا جارہا ہے، اور مارکیٹ میں کہیں کہیں دودھ 230 سے 240 روپے فروخت ہو رہا ہے، ڈیری ایسوسی ایشن حکومتی رٹ کو چیلنج کر رہی ہے، کمشنر کراچی سرکاری ریٹ پر دودھ کی فروخت کو یقینی بنائیں۔

کنزیومر ایسوسی ایشن کے چیئرمین کوکب اقبال کا کہنا تھا کہ کراچی میں کل سے دودھ بائیکاٹ مہم شروع کررہے ہیں، اور یہ مہم ایک ہفتے جاری رہے گی، اگر من مانا اضافہ واپس نہ لیا تو بائیکاٹ مہم مزید آگے بڑھائیں گے، صارفین اپنے حقوق کا تحفظ خود کریں اور مہنگے دودھ کے خلاف بائیکاٹ مہم میں شامل ہوں۔

Milk Price

karachi milk price