Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلاول کا دورہ رنگ لے آیا، جاپان کا ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر میں تعاون پر اتفاق

جاپان شمسی توانائی اور صاف پانی پر بھی تعاون کرے گا
شائع 03 جولائ 2023 10:55pm

جاپان نے پاکستانی سیلاب متاثرین کے لئے ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری 4 روزہ دورے پر جاپان میں ہیں جہاں ان کی جاپانی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی ٹوکیو میں جاپانی ہم منصب یوشی ماسا ہایاشی سے ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ بھی شامل تھے۔

اس موقع پر جاپان کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کی پاکستانی ہم منصب سے چار سال بعد ملاقات ہو رہی ہے، ان کی خواہش ہے پاکستان اور جاپان کے تعلقات مزید مستحکم ہوں، اس سلسلے میں پاکستان سے بات چیت کا سلسلہ اور ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔

یوشی ماسا ہایاشی کا کہنا تھا جیسا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے لئے جاپان میں کام کے مواقع پہلے بھی فرہم کئے گئے ہیں، اور آئندہ بھی فراہم کئے جائیں گے۔

جاپانی وزیرخارجہ نے پاکستان میں سیلاب کی تباہی پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے جاپانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص جاپان کی جانب سے سیلاب کے دوران پاکستانی عوام کی مدد کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

بلاول بھٹو نے پاکستان اور جاپان کے درمیان بائی لیٹرل اور تجارتی امور کر بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جاپان پاکستان کے آئی ٹی اور اگریکلچر سیکٹر سے مستفید ہو سکتا ہے، اور اس میں جاپان کے تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو نے پاکستان سے من پاور کی جاپان بھیجنے پر بھی بات کی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جاپانی ہم منصب سے اگست 2022 میں کمبوڈیا میں بھی ملاقات ہوئی تھی، پاکستان اور جاپان میں دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک براعظم ایشیا کے دو مختلف کناروں پر ہیں، لیکن اپنے خطے کے وژن کے حوالے سے ہماری ترحیحات ایک ہیں، مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پربات چیت ہوئی، پاکستان جاپان کے ساتھ آئی ٹی، سولر انرجی، زراعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے، پاکستان میں جاپانی زبان سکھانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون چاہتے ہیں، اور جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، جب کہ جاپانی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔

جاپانی وزیرخارجہ کے مطابق پاکستان اور جاپان کا ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے، یہ منصوبہ پاکستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے ہے، جب کہ شمسی توانائی اور صاف پانی پر بھی جاپان پاکستان سے تعاون کرے گا۔

Japan

Bilawal Bhutto Zardari

Japanese Foreign Minister Yoshimasa Hayashi

Japanese Foreign Minister