Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں قرآن کی بے حرمتی کی مذمت، سوئیڈن سے کارروائی کا مطالبہ

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلا س میں 9 رکنی ایجنڈا زیرغور
اپ ڈیٹ 03 جولائ 2023 10:57pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ چند روز قبل کامیاب مذاکرات ہوئے، آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی معاہدہ ہوا، جولائی میں ایک ارب ڈالر سے زائد کی قسط ملے گی، پاکستان کو 9 ماہ میں 3 ارب ڈالرز ملیں گے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل حل کریں گے، حکومت پاکستان اور قوم سوئیڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کرتی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔

شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت نفرت کے بیانیے کی مذمت کرتی ہے، سوئیڈن حکومت نفرت آمیز بیانیے کا نوٹس لے، او آئی سی نے بھی سوئیڈن واقعے کی مذمت کی، حکومت او آئی سی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

آئی ایم ایف سے معاہدے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چند روز قبل آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوگیا ہے، معاہدے پر تمام کابینہ ممبران کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی معاہدہ ہوا ہے، پہلی قسط جولائی میں 1.1 ارب ڈالر ملے گی، آئی ایم ایف سے 9 ماہ میں 3 ارب ڈالرز ملیں گے، وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم نے دن رات محنت کی، ایم ڈی آئی ایم ایف کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں چین نے پاکستان کی بہت زیادہ مدد کی، چین سے ادائیگی نہ ہوتی تو حالات کچھ اور ہوتے، ماضی میں بھی چین نے پاکستان کی بے انتہا مدد کی۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر لانے میں آرمی چیف کا کلیدی کردار ہے، یو اے ای کے صدر نے بھی ہمیں ایک ارب ڈالر دیے ہیں، چین نے 5 ارب ڈالر کے رول اوور کیے، دوست وہ ہوتا ہے جو برے وقت میں ساتھ دے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈے پرغور ہوا، وفاقی کابینہ کو آئی ایم ایف کے ساتھ 3 ارب ڈالرکے معاہدے کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے متعلق اراکین کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔

وزیراعظم نے تمام دوست ممالک ،اسلامک ڈویویلپمنٹ بینک اور ایم ڈی، آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کا بھرپور نظام لانے کی ہدایت کی۔

کابینہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کی گاڑیوں کے سپیئر پارٹس کے ایک کنٹینر کی پاکستان کے راستے کابل تک ٹرانزٹ کی اجازت دے دی، جب کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل 2023 ، وفاقی اُردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنس اور ٹیکنالوجی ترمیمی بل 2023 اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ آرڈینیس 2002 میں بھی ترمیم کی اصولی منظوری دے دی۔

اعلامیہ کے مطابق پرائیویٹ سیکیورٹی سروسز ریگولیرٹری بل 2023 بھی منظور کر لیا گیا ،اس بل کے تحت سیکیورٹی کے نظام کی باضابطہ نگرانی کے لیے پرائیویٹ سیکیورٹی سروسز ریگو لیٹری اتھارٹی قائم کی جائے گی۔

وفاقی کابینہ کو اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان میں اسپتالوں کے مہلک و زہریلے فضلے کو تلف کرنے کیلئے تجربہ کار کمپنیوں کو علیحدہ سے ذمہ داری سونپنی جائے، بل کو کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسسز میں بھیجنے کی اصولی منظوری دے دی۔

کابینہ نے پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی قائم کرنے کیلئے قانون سازی کی اصولی منظوری دے دی۔

federal cabinet

اسلام آباد

HEC

IMF program