Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی قیادت کہاں عید منائے گی؟

آصف زرداری عید منانے دبئی سے پاکستان پہنچ گئے ہیں
شائع 28 جون 2023 10:22pm

ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے رہنما اس وقت مختلف شہروں میں موجود ہیں جہاں وہ کل عید کا دن گزاریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کہاں کہاں عید منائیں گے؟

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکا اور برطانیہ سمیت کئی ملکوں میں آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف دبئی میں ہی موجود ہیں، جہاں انہوں نے اہلخانہ کے ساتھ عید کا دن گزارا، جب کہ ان کی صاحبزادی اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے بھی اپنے والد کے ساتھ دبئی میں عید منائی۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن میں عید کا دن گزاریں گے، اور عید کی نماز بھی اپنی رہائش گاہ پر ہی ادا کریں گے۔

سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز بھی ماڈل ٹاؤن میں عید منائیں گے، اور اپنے والد کے ساتھ عید نماز کے بعد جاتی امراء جائیں گے، اور اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کریں گے۔

رانا ثنااللہ کے ٹویٹر اکاونٹ سے لی گئی تصویر
رانا ثنااللہ کے ٹویٹر اکاونٹ سے لی گئی تصویر

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ بھی اس وقت حج کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب میں موجود ہیں، انہوں نے عید کی نماز بھی سعودی عرب میں ادا کی۔

لیگی رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق لاہور ڈیفنس کی جامعہ مسجد میں عید کی نماز ادا کریں گے، جب کہ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق جامعہ نعیمیہ لاہور میں نماز عید اداکریں گے۔

لیگی سینئر رہنما جاوید لطیف شیخوپورہ میں نماز عید ادا کریں گے، اور وفاقی وزیر رانا تنویر حسین مرید کے میں نماز عید ادا کریں گے۔ شاہد خاقان عباسی اپنے آبائی حلقے مری میں نماز عید ادا کریں گے.

پیپلزپارٹی کے رہنما کہاں عید منائیں گے

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری دبئی کا دورہ کرنے کے بعد عید منانے نواب شاہ پہنچ گئے ہیں۔ وہ نمازعید زرداری ہاؤس میں ادا کریں گے، اور کارکنان سےعید ملیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ میں عید منائیں گے، جب کہ شرجیل انعام میمن ٹنڈو جام، اور سسی پلیجو سجاول میں عید منائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ منظور وسان کوٹ ڈیجی، قائم علی شاہ خیرپور جب کہ خورشید شاہ، ناصر شاہ اور اویس شاہ سکھر میں عیدمنائیں گے۔

ذرائع کے مطابق سعید غنی، وقارمہدی اور قادر پٹیل کراچی میں عید منائیں گے، جب کہ وزیرجامعات اسماعیل راہو بدین میں عید منائیں گے۔