Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش شروع

اسلامیہ کالج، جیل روڈ اور اطراف کےعلاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار
شائع 26 جون 2023 11:45pm
تصویر/ ٹوئٹر
تصویر/ ٹوئٹر

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش شروع ہوگئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

سخت گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔

اسلامیہ کالج، جیل روڈ، ملیر، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاون، ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس، گرومندر، صدر اور اطراف کےعلاقوں میں بارش ہورہی ہے، بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے تاہم بارش شروع ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی، لیاقت آباد، صدر، لائنز ایریا، اور اطراف میں بجلی بند ہے، جبکہ دن بھر گرم موسم اور 37 ڈگری درجہ حرارت نے شہریوں کو شدید پریشان کیا۔

محکمہ موسمیات نے بارش کے اعدادوشمار جاری کردئیے

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش لاہور میں ہوئی، شہر کے لکشمی چوک کے مقام پر 241 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، لاہور ائیرپورٹ پر 226 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایئرپورٹ کے مقام پر 77 ملی میٹر بارش ہوئی، بوکرہ 59 اور زیرو پوائنٹ کے مقام پر 58 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ راولپنڈی میں کچہری میں 66 چکلالہ 55 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں برنالہ میں 87 اور راولاکوٹ 40 ملی میٹر بارش ہوئی۔

خیبرپختونخوا میں موسم کی صورتحال

خیبر پختون خوا میں گزشتہ رات شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ تھم گیا ہے، اور بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں آسمان پر اب بھی کالے بادل چھائے ہوئے ہے، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام،تورغر، کوہستان، چترال، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، کرم، بنوں، لکی مروت اور ٹانک میں کہیں کہیں تیز آندھی اور بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان اور ڈی آئی خان میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اور موسلا دھار بارش کے باعث بجلی کے کھمبوں ، سولر پینل کو نقصان پہنچ سکتاہے، جب کہ پشاورکے نشیبی علاقے زیر آب آنے اور سوات ، شانگلہ ، کوہستان ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم اورخیبرکے اضلاع میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ بارش مردان میں 81 اور بنوں میں 41 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

Rain

rainy weather

rain in karachi