Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی جناح اسپتال میں مردہ چھوڑی گئی ٹک ٹاکر عائشہ کا شوہر گرفتار

لاش لڑکی کے والد کے حوالے کی جائے گی اور اسی کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج ہوگا، ایس ایس پی
اپ ڈیٹ 26 جون 2023 08:32am

کراچی میں پراسرار طریقے سے موت کی منہ میں جانے والی ٹک ٹاکر عائشہ کے شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔

کراچی جناح اسپتال میں گزشتہ روز خاتون عائشہ کی لاش چھوڑ کر جانے کے حوالے سے پولیس کی جانب سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ایس ایس پی جنوبی اسد رضا کے مطابق پولیس نے لڑکی عائشہ کے شوہر عادل کو حراست میں لے لیا ہے۔

ایس ایس پی سائوتھ نے بتایا کہ عادل کو گلستان جوہر میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا، عادل کئی روز سے گھر سے غائب تھا، وہ نشے کا عادی اور بے روزگار ہے۔

عائشہ کے والد سے رابطہ ہوگیا

ایس ایس پی جنوبی اسد رضا نے بتایا کہ متوفیہ عائشہ کے والد کا بھی پولیس سے رابطہ ہوگیا ہے، وہ ممکنہ طور پر آج رات یا کل صبح تک کراچی پہنچ جائیں گے، واقعے کا مقدمہ فی الحال درج نہیں کیا گیا ہے تاہم عائشہ کے والد کے بیان کی روشنی میں ہی قانونی کارروائی مزید آگے بڑھائی جائے گی۔

عائشہ کی ساس کا قانونی کارروائی سے انکار

متوفیہ عائشہ کی ساس نصرت ثوبیہ کا بیان بھی پولیس نے حاصل کر لیا، ساس نے قانونی کارروائی کراونے سے انکار کردیا ہے۔

ٹک ٹاکر عائشہ کی ساس کا بیان

ساس نے پولیس کو بتایا کہ میں گلستان جوہر میں 16سالوں سے رہ رہی ہوں، میرے بڑے بیٹے محمد عادل نے نے2 سال قبل عائشہ سے شادی کی تھی، وہ 6 ماہ قبل تک ٹیکسی چلا تھا، اور نشے کا عادی ہے، کئی کئی دنوں بعد گھر آتا ہے۔

ساس نے بتایا کہ عائشہ میرے ساتھ رہتی تھی اور پارلرمیں کام کرتی تھی، میں ایک ہفتے سے اپنے آبائی علاقے پنجاب میں تھی، ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ہے، اور ہم کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔

ساس کا دیا گیا بیان مسترد

دوسری جانب ایس ایس پی جنوبی اسد رضا نے متوفیہ کی ساس کا دیا گیا بیان مسترد کردیا ہے، اور کہا ہے کہ عائشہ کی لاش ساس کو نہیں دی گئی، پولیس نے عائشہ کی فیملی کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں، اس کی والدہ کا انتقال ہوچکا ہے، جب کہ والد اور دو بھائی گجرات اور اوکاڑہ میں ہیں، عائشہ کی میت اس کے والد یا بھائیوں کے حوالے کی جائے گی، اور پوری کوشش ہے کہ عائشہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے، اگر والد نے بھی مقدمہ درج نہ کروایا تو سرکارکی مدعیت میں درج کیا جائے گا۔

ایس ایس پی اسد رضا کا کہنا تھا کہ لاش چھوڑ کر جانے والے مفرور خاتون سحرش اورمردرحمت کی تلاش جاری ہے، انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔

ایس ایس پی کے مطابق متوفیہ کی ساس کو شامل تفتیش کرلیا گیا ہے، متوفیہ کا شوہرعادل منشیات کاعادی ہے اورلاپتہ ہے، اس کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔

پولیس کی اہم پیشرفت

جناح اسپتال میں خاتون کی لاش چھوڑ کر جانے والے خاتون اور مرد سی سی ٹی وی فوٹیج میں چہروں کی شناخت کے باوجود تاحال پکڑے نہیں جا سکے، تاہم پولیس نے رینٹ اے کار اور گاڑی کے اصل مالک کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کے مطابق جس گاڑی میں عائشہ کی لاش جناح اسپتال لائی گئی تھی اسے کرائے پر حاصل کرنے کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں، اور بتایا گیا ہے کہ کار اسلام آباد کے رہائشی علی ولد رحمت علی نے ایک ماہ کے لئے کرائے پر لی تھی، جب کہ اس معاہدے پر علی کا ضمانتی اس کا کرائے دار ریاض ماسٹر تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی گزشتہ روز برآمد کر لی گئی تھی، کار کے اصل مالک اور کرائے پر لینےوالے شخص کو حراست میں لیا جا چکا ہے، اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کے مطابق متوفیہ عائشہ کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کر لیا گیا ہے، اور اعضاء کیمیائی تجزیے کیلئے محفوظ کر لیے گئے ہیں، تاہم موت کا تعین رپورٹ آنے کے بعد کیا جائے گا۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا ہے کہ لڑکی کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے۔

واقعے کا پس منظر

کراچی کے علاقے ڈیفنس کے بنگلے میں ڈانس پارٹی کے دوران لڑکی کی موت ہوگئی تھی، جسے ایک لڑکا اور لڑکی نے جناح اسپتال پہنچایا اور موت کی تصدیق کے بعد لاش چھوڑ کر فرار ہوگئے، ایمرجنسی اور پارکنگ کی فوٹیج میں لڑکا اور لڑکی کے چہرے واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکی کی شناخت عائشہ کے نام سے ہوئی، جو شیخوپورہ سے تعلق رکھتی تھی، اور شادی کے بعد کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مقیم تھی۔

ابتدائی تفیش میں بتایا گیا کہ رحمت علی نامی لڑکے نے سحرش کے ہمراہ رینٹ کی گاڑی میں عائشہ کی لاش اسپتال پہنچائی۔ واقعے کے بعد سے لڑکی کا شوہر عادل بھی غائب تھا جس نے کیس کو مزید مشکوک بنایا۔

TikToker

Dead

Karachi Police

jinah hospital

Mysterious death