Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الہٰی کی ضمانت منظور

پرویز الہٰی کو جیل میں سہولیات فراہم نہ کرنے سے متعلق توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
اپ ڈیٹ 24 جون 2023 04:28pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں ضمانت منظور کرلی۔

ایف آئی اے نے سابق وزیراعلیٰ پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کررکھا ہے۔ اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور میں پی ٹی آئی کے صدر کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

اسپیشل کورٹ سینٹرل کے جج فخر بہراد نے پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنا دیا اور اُن کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو رہائی کے لیے 10 لاکھ روپے کے مچلکے داخل کرنے بھی حکم دیا۔

چوہدری پرویز الہٰی اپنے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں اور رہائی کے لیے اپنے وکیل کی وساطت سے درخواست ضمانت دائر کی۔

ایف آٸی اے نے منی لانڈرنگ کے الزام میں پرویز الٰہی کو جیل سے گرفتار کیا اور جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جسمانی ریمانڈ کیلیے پیش کیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی اور سابق وزیر اعلی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

یاد رہے کہ 20 جون 2023 کو لاہور کی مقامی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بد عنوانی کے کیس میں پی ٹی آئی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کی تھی۔ جس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چوہدری پرویز الہٰی اور ان کے صاحبزادے مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا۔

توہین عدالت کی درخواست

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو جیل میں سہولیات فراہم نہ کرنے سے متعلق توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر ہوگئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد وحید خان 26 جون کو کیس کی سماعت کریں گے۔