Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

محکمہ موسمیات کی پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی

موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
شائع 22 جون 2023 05:20pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل

محکمہ موسمیات نے پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

آج سال کا طویل ترین دن ہے اور درجہ حرارت بھی انتہا پر ہے، چاروں صوبوں میں شدید گرمی کا راج ہے ، میدانی ہی نہیں بلکہ بالائی علاقوں میں بھی آگ برس رہی ہے، تاہم شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ سے پریشان حال عوام کو محکمہ موسمیات کی جانب خوشخبری سنائی گئی ہے کہ 25 جون سے ملک کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ تین روز (25 جون تک) درجہ حرارت میں بھی مزید اضافہ ہوگا، اور اسلام آباد، مری گلیات سمیت ملک بھرمیں موسم گرم اورمرطوب رہے گا، عوام ان 3 دنوں میں پانی سمیت مشروبات استعمال کریں، اورغیر ضروری گھر سے باہر مت نکلیں۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 25جون سے گرمی کی لہر میں کمی ہوگی اور مرطوب ہوائیں بحیرہ عرب سے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے بعد بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ، لورا لئی، ژوب اور بارکھان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران آزاد کشمیرمیں بھی چند مقامات بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 25 سے 30 جون تک پنجاب کے بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے اور اس دوران اسلام آباد اور سیالکوٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 27 اور 28جون کو سکھر اور جیکب آباد میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، اور بارش کے بعد گرمی کی موجودہ لہر میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، بارشوں کے باعث ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ تیز ہواؤں آندھی کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کچے مکانات اور سولر پینل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، لہذا شہری احتیاط برتیں، اور بجلی کے پول اور کچے مکانات اور دیواروں سے دور رہیں۔

load shedding

Hot Weather

rainy weather

flood and rain