Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر بچوں کے سامنے باپ قتل

دوسرے واقعے میں شہری نے ڈاکو کے سر پر بوتل مار کر اسلحہ چھین لیا
شائع 21 جون 2023 07:44pm

کورنگی میں گھر میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے بچوں کے سامنے باپ قتل کردیا گیا، مقتول دو بچوں کا باپ اور پھول فروش تھا۔

کراچی کے علاقے کورنگی ساڑھے پانچ نمبر پر گھر میں ڈکیتی مزاحمت پرفائرنگ سے 2 بچوں کا باپ 40 سالہ عرفان قتل ہوگیا، مقتول کی پھولوں کی دکان تھی۔

پولیس کے مطابق صبح ساڑھے 6 سے ساڑھے 7 کے درمیان 3 ڈکیت عقب سے مقتول عرفان کے گھر میں داخل ہوئے، ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی اور گھبراہٹ میں رقم چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کورنگی میں سرگرم بنگالی ڈکیت گینگ کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔

دوسری جانب مقتول عرفان کی بھابھی نے بیان دیا ہے کہ ملزمان گھر میں داخل ہوئے اور پہلے مجھے یرغمال بنایا پھر بچوں کے سر پر پستول تانی، ملزمان نے جاتے ہوئے مقتول کے کمرے کا دروازہ کھلوایا اور لوٹ مار کی، دیور نے مزاحمت کی تو انہوں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں عرفان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

شہری نے ڈاکو کے سر پر بوتل مار کر اسلحہ چھین لیا

کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر تین میں واقع ایک جنرل اسٹور میں شہری نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی۔

گزشتہ روز ہونے والی واردات کی موبائل فوٹیج ”آج نیوز“ نے حاصل کرلی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ تنہا ڈاکو دکان میں ڈکیتی کے لیے اسلحہ لے کر داخل ہوا، دوران ڈکیتی دکاندار نے ڈاکو کے سر پر بوتل ماری اور اسلحہ چھین لیا۔

ویڈیو میں یہ بھی دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ دکان میں کھڑے دیگر شہری دکاندار سے ڈاکو کو گولی مارنے کا کہتے رہے، تاہم دکاندار نے انتہائی قدم اٹھانے سے گریز کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکو متواتر ناظم آباد میں جنرل اسٹورز پر ڈکیتیاں کررہا تھا، زخمی ڈاکو کے خلاف تھانہ ناظم آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

karachi

Karachi Crime

Karachi Target Killing

Murder for resisting robbery