کیبل آپریٹرز نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے خلاف ”کریک ڈاون“ کا مطالبہ منوا لیا
کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے پیمرا کی جانب سے سبسکرائبر فیس 12 روپے سے بڑھا کر 24 روپے کرنے کے اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے او ٹی ٹی کے خلاف کریک ڈاون کا عندیہ دے دیا۔
چئیرمین کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان خالد آرائیں نے پیمرا ہیڈ کوارٹر کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا نے اچانک سبسکرائبر فیس 12 روپے سے بڑھا کر 24 روپے کردی۔ چیئرمین پیمرا سے ملاقات میں تمام تحفظات سامنے رکھے ہیں، فیصلہ یہ ہوا ہے کہ کیبل آپریٹر 12 روپے ہی دیں گے۔
خالد آرائیں نے کہا کہ چیئرمین پیمرا سے کہا تھا ہماری گزارشات سنیں، ان کا مشکور ہوں کے انہوں نے ہمیں سنا، ہم نے انہیں بتایا کہ ہمارے ساتھ ذیادتی ہورہی ہے، ہم فیسوں میں کمی کا مطالبہ کررہے تھے، ہماری گزارش پر اضافی فیس کے فیصلے کو موخرکردیا گیا ہے، آج بہت مثبت میٹنگ ہوئی ہے، کیبل آپریٹرز مطمئن ہیں۔
خالد آرائیں نے بتایا کہ ملک کے بیشتر علاقے ایسے ہیں جہاں کیبل آپریٹرز کیبل کے ساتھ انٹرنیٹ کیبل بھی چلارے ہیں، لیکن پی ٹی اے کی جانب سے انٹرنیٹ سروس کیبل آپریٹرز پر بھی کریک ڈاؤن کیا گیا، جس پر ہم نے گزشتہ روز پی ٹی اے کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی کوشش کی تھی، تاہم ان کے ڈی جی آپریشن نے ہم سے ملاقات کی، اور ہم نے ایک مطالبہ پیش کیا کہ ہمارے انٹرنیٹ کیبل آپریٹرز کو ریگولائز کیا جائے اور انہیں ایک لائسنس دیا جائے، خدا کا شکر ہے کہ ہمارا یہ مطالبہ بھی مان لیا گیا ہے۔
خالد آرائیں نے کہا کہ ہمارے مطالبے پر ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور عید کے بعد ایک فیصلہ کیا جائے گا، اور او ٹی ٹی کا پلیٹ فارم استعمال کرنے والوں پر کریک ڈاون کیا جائے گا، کیوں کہ اس کے ذریعے دنیا بھر کے چینلز دکھائے جارہے ہیں جو فحاشی پھیلانے کا باعث بنتے ہیں، اس کے برعکس کیبل آپریٹریز پر بہت سے چینلز دکھانے پر پابندی ہے، جب کہ ہم فحاشی کے سخت خلاف ہیں، ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے، اور باقی لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
چیئرمین کیبل آپریٹرز نے کہا کہ معاملے پر پیمرا کی تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کی میٹنگ عید کے بعد ہوگی، پی ٹی اے اور پیمرا کی کمیٹی سےعوام اور کیبل آپریٹر دونوں کا فائدہ ہوگا کچھ فیسز ہیں جو ڈالرز میں لی جاتی ہیں، اسحاق ڈار سے گزارش ہے اس کو روپے میں تبدیل کیا جائے گا، اس انڈسٹری پر بھی ٹیکسز ختم کئے جائیں۔
جنرل سیکریٹری کیپ چوہدری طاہر جاوید نے کہا آج کی میٹنگ سے مطمئن ہیں اب ہر کیبل آپریٹرز 24 روپے کی بجائے 12 روپے جمع کروائے گا۔
او ٹی ٹی کیا ہے
او ٹی ٹی (اوور دی ٹاپ) درخواست پر انٹرنیٹ پر ٹیلی ویژن اور فلم کا مواد فراہم کرنے اور انفرادی صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ اس اصطلاح کا مطلب خود ”اوور دی ٹاپ“ ہے ، جس کا مطلب یہ ہے کہ مواد فراہم کرنے والا موجودہ انٹرنیٹ خدمات کے اوپر جا رہا ہے۔
Comments are closed on this story.