یونان حادثہ: جاں بحق افراد کی شناخت کا علم نہیں، 98 نوجوانوں کے خاندانوں سے ڈی این اے سیمپلز موصول
یونان کشتی حادثے کے معاملے پر سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار حیدر نے اہم انکشاف کیا ہے۔
ذوالفقارحیدر کا کہنا ہے کہ جو لوگ زندہ بچے صرف ان کی شناخت ہو سکی ہے، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کا علم نہیں، ان افراد کا کوئی ریکارڈ دستیاب نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وزارت داخلہ میں ایک سیل بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثہ میں لاپتا 98 نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز شناخت کے لئے حاصل کر لئے ہیں۔
ایف آئی اے گجرات سرکل میں 52 متاثرین کے لواحقین کی جانب سے سیمپل جمع کروائے گئے، جبکہ گوجرانوالہ سرکل میں 46 متاثرہ خاندانوں کی جانب سے ڈی این اے سیمپلز دئیے گئے۔
وزارت صحت نے متاثرہ خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز کیلئے کمیٹی بنادی جو جاں بحق افراد کی شناخت کے لئے سیمپلز لے گی۔
کمیٹی چار رکنی ڈاکٹرز پر مشتمل ہوگی، جس میں ڈاکٹر فرخ کمال، ڈاکٹر فہیم طاہر، ڈاکٹر سدرہ ولی اور عمر ڈار شامل ہیں۔
قبل ازیں، ایف آئی اے حکام نے کہا تھا کہ پنجاب فرانزک لیب کی ٹیم نے ایف آئی اے آفس میں ڈیسک قائم کر دیا ہے، جہاں گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، وزیر آباد اور کامونکی کے لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ کے ڈی این اے کیے جا رہے ہیں۔
Comments are closed on this story.